واٹس ایپ نے صارفین کو آن لائن فراڈ اور دھوکا دہی سے محفوظ رکھنے کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرا دیا ہے، جس کے ذریعے نامعلوم نمبروں سے آنے والی کالز کے بارے میں اہم معلومات حاصل کرنا ممکن ہوگا۔
دنیا بھر میں سائبر کرائم کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ جعل ساز نامعلوم نمبروں سے فون کال کرکے مختلف بہانوں سے لوگوں کو اپنے جال میں پھنساتے ہیں اور ان سے رقم بٹور لیتے ہیں۔ ایسے فراڈ کا شکار بعض اوقات معروف شخصیات بھی ہو جاتی ہیں۔
اس صورتحال کے پیش نظر واٹس ایپ نے صارفین کی سہولت اور حفاظت کے لیے ایک نیا فیچر پیش کیا ہے، جس سے نامعلوم کال کرنے والوں کے بارے میں جاننا آسان ہو جائے گا۔
اس فیچر کے تحت اگر آپ کو کسی ایسے نمبر سے واٹس ایپ کال موصول ہوتی ہے جو آپ کی کانٹیکٹ لسٹ میں محفوظ نہیں، تو کال اسکرین پر نمبر کے ساتھ اس ملک کا نام بھی ظاہر ہوگا جہاں سے کال کی جا رہی ہے۔
اس کے علاوہ صارفین یہ بھی دیکھ سکیں گے کہ کال کرنے والا شخص کسی مشترکہ واٹس ایپ گروپ کا حصہ ہے یا نہیں۔ان معلومات کی مدد سے صارف بہتر فیصلہ کر سکے گا کہ کال موصول کرنی ہے، نمبر بلاک کرنا ہے یا اسے رپورٹ کرنا ہے۔
واٹس ایپ کا یہ اقدام نامعلوم نمبروں سے آنے والی مشکوک کالز کی شناخت اور آن لائن دھوکا دہی سے بچاؤ میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
تاہم صارفین کو یاد رکھنا چاہیے کہ ملک کا نام ظاہر ہونے سے کال کرنے والے کی اصل شناخت کی تصدیق نہیں ہوتی۔ اس لیے نامعلوم افراد کے ساتھ ذاتی معلومات، بینک کی تفصیلات یا تصدیقی کوڈ شیئر نہ کریں۔