خیبرپختونخوا میں گورننس کی بہتری کے لیے بڑا فیصلہ، وزیراعلیٰ کے اختیارات گورنر کو منتقل کرنے کی منظوری

خیبرپختونخوا میں گورننس کی بہتری کے لیے بڑا فیصلہ، وزیراعلیٰ کے اختیارات گورنر کو منتقل کرنے کی منظوری

وفاقی کابینہ نے خیبرپختونخوا میں انتظامی امور کی انجام دہی کو سہل بنانے اور گورننس کی مزید بہتری کے لیے صوبے میں ایمرجنسی کی مدت کے دوران وزیراعلیٰ کو تفویض کردہ اختیارات روزمرہ امور کی انجام دہی کے لیے گورنر خیبرپختونخوا کو منتقل کرنے کی منظوری دے دی۔ اجلاس میں نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن، 10 روپے کے بینک نوٹ کی جگہ سکہ متعارف کرانے اور پاکستان و کویت کے درمیان دفاعی تعاون کے معاہدے کی توثیق سمیت متعدد اہم فیصلے بھی کیے گئے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے دوران انتظامی معاملات کو مؤثر انداز میں چلانے اور صوبائی گورننس میں مزید بہتری لانے کے لیے وزیراعلیٰ کو تفویض شدہ اختیارات گورنر خیبرپختونخوا کو منتقل کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی ان اختیارات کے استعمال سے متعلق ہر ماہ وفاقی حکومت کو جائزہ رپورٹ پیش کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس، سیاسی و عدالتی محاذ پر بڑے فیصلوں کی تیاری، کشمیر پر بھی سخت مؤقف متوقع

وفاقی کابینہ نے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ خیبرپختونخوا ایڈوائزری کونسل، گورنر خیبرپختونخوا کی قیادت میں صوبے کے عوام کی بہتری، خوشحالی اور امن و امان کے قیام کے لیے بھرپور کوششیں یقینی بنائے گی۔

پاکستان اور کویت کے درمیان دفاعی تعاون کے معاہدے کی توثیق

وفاقی کابینہ نے پاکستان اور کویت کے درمیان دفاعی تعاون کے معاہدے کی بھی توثیق کر دی۔

اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کا یہ معاہدہ 11 جون 2023 کو طے پایا تھا، جس کا بنیادی مقصد پاکستان اور کویت کے درمیان دفاعی شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینا ہے۔

کویتی حکومت اس معاہدے کی 19 جولائی کو توثیق کر چکی ہے، جبکہ اب وفاقی کابینہ نے بھی اس کی توثیق کر دی ہے۔

نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن کی منظوری، 10 روپے کا سکہ متعارف کرانے کا فیصلہ

وفاقی کابینہ نے وزارت خزانہ کی سفارش پر نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن کی منظوری دے دی۔ اجلاس میں کابینہ کو نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن اور ان کی تیاری سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کی زیرِ صدارت کابینہ کمیٹی کا اہم اجلاس ، خیبر پختونخوا میں گورننس اور سیکیورٹی کی صورتحال پر غور

بریفنگ میں بتایا گیا کہ نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن کی تیاری کے لیے ملک بھر سے مصوروں اور ڈیزائنرز کی تجاویز حاصل کی گئیں، جبکہ وزیراعظم کی جانب سے قائم کردہ کابینہ کمیٹی نے تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے تفصیلی مشاورت بھی کی۔

اجلاس کے شرکا کو بتایا گیا کہ جعلی کرنسی کی روک تھام کے لیے نئے نوٹوں میں سیکیورٹی فیچرز کو مزید بہتر بنایا جائے گا اور جدید مٹیریل استعمال کیا جائے گا۔

بریفنگ کے مطابق جدید مٹیریل کے استعمال سے کرنسی نوٹوں کی پائیداری میں اضافہ ہوگا اور ان کی قابلِ استعمال مدت بھی بڑھ جائے گی۔

وفاقی کابینہ نے 10 روپے کے بینک نوٹ کی جگہ 10 روپے کا سکہ متعارف کرانے کی بھی منظوری دے دی۔

کابینہ کمیٹیوں کے فیصلوں کی توثیق

وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے حکومتی ملکیتی اداروں کے 26 اکتوبر کو ہونے والے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق کر دی۔

اس کے علاوہ کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز کے مختلف اجلاسوں میں کیے گئے فیصلوں کی بھی منظوری دے دی۔

اعلامیے کے مطابق لیجسلیٹو کیسز سے متعلق کابینہ کمیٹی کے 22 جنوری، 26 فروری، 5 اگست، 18 اگست، 27 اگست، 11 ستمبر اور 22 ستمبر کے اجلاسوں میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔

Related Articles