وفاقی حکومت نے ملک میں کرنسی نوٹوں کی نئی شکل متعارف کرانے کی تیاری مکمل کرلی، وفاقی کابینہ نے وزارتِ خزانہ کی سفارش پر نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن کی منظوری دے دی، جبکہ 10 روپے کے نوٹ کی جگہ 10 روپے کا سکہ جاری کرنے کی بھی منظوری دے دی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت اسلام آباد میں ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں نئے کرنسی نوٹوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ نئے ڈیزائن کی تیاری کے لیے ملک بھر سے مصوروں اور ڈیزائنرز کی تجاویز حاصل کی گئیں، جبکہ وزیراعظم کی جانب سے قائم کردہ کابینہ کمیٹی نے اس معاملے پر متعلقہ اداروں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد سفارشات مرتب کیں۔
نئے کرنسی نوٹوں کی تیاری میں جعل سازی کی روک تھام کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے۔ اس مقصد کے لیے نوٹوں میں جدید سکیورٹی فیچرز شامل کرنے اور جدید معیار کا میٹریل استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تاکہ جعلی کرنسی کی تیاری اور گردش کی حوصلہ شکنی کی جاسکے۔
حکام کے مطابق نئے نوٹوں میں استعمال ہونے والا جدید میٹریل ان کی پائیداری میں بھی اضافہ کرے گا، جس سے نوٹ زیادہ عرصے تک قابلِ استعمال رہ سکیں گے اور بار بار نئے نوٹ چھاپنے کی ضرورت میں بھی کمی آسکے گی۔
وفاقی کابینہ نے 10 روپے کے موجودہ بینک نوٹ کو ختم کرکے اس کی جگہ 10 روپے کا سکہ متعارف کرانے کی بھی منظوری دے دی ہے۔ اس فیصلے کا مقصد کرنسی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور نقد لین دین کے نظام میں بہتری لانا ہے اور جعل ساز مافیا کا خاتمہ ہے ۔
نئے ڈیزائن کی منظوری کے بعد اب ملک میں کرنسی نوٹوں کی نئی سیریز متعارف کرانے کی جانب اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ تاہم نئے نوٹوں کے اجرا اور پرانے نوٹوں کی تبدیلی سے متعلق آئندہ کے مراحل اور شیڈول کی تفصیلات الگ سے سامنے آنا باقی ہیں۔