پاکستان کوسٹ گارڈز کی بڑی کارروائی،پسنی سے 115 کلو گرام اعلیٰ معیار کی آئس برآمد

پاکستان کوسٹ گارڈز کی بڑی کارروائی،پسنی سے 115 کلو گرام اعلیٰ معیار کی آئس برآمد

پاکستان کوسٹ گارڈز نے منشیات اسمگلنگ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے بلوچستان کے ساحلی علاقے پسنی کے مقام ڈیلی کوٹ میں خفیہ اطلاع پر چھپائی گئی 115 کلوگرام اعلیٰ معیار کی میتھ آئس برآمد کرلی۔

پاکستان کوسٹ گارڈز کے مطابق کارروائی خفیہ ذرائع سے موصول ہونے والی اطلاع کی بنیاد پر کی گئی۔ اہلکاروں نے ڈیلی کوٹ کے علاقے میں منشیات کی موجودگی کی نشاندہی کے بعد تلاشی کا عمل شروع کیا، جس کے دوران بھاری مقدار میں اعلیٰ کوالٹی کی میتھ آئس برآمد ہوئی۔

حکام کے مطابق برآمد ہونے والی 115 کلوگرام منشیات کی عالمی مارکیٹ میں مالیت تقریباً 32.645 ملین امریکی ڈالر ہے، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 9 ارب روپے سے زائد بنتی ہے،ابتدائی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ منشیات کی یہ بھاری کھیپ بیرون ملک اسمگل کرنے کے لیے مذکورہ مقام پر چھپائی گئی تھی۔ تاہم اس حوالے سے مزید تحقیقات اور منشیات کے نیٹ ورک سے متعلق معلومات اکٹھی کرنے کا عمل جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں :اسلام آباد پولیس کا جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن، 267 مشتبہ افراد گرفتار، منشیات اور غیرقانونی اسلحہ برآمد

پاکستان کوسٹ گارڈز کا کہنا ہے کہ ادارہ ملکی سمندری حدود اور ساحلی علاقوں کو منشیات کی اسمگلنگ کے لیے استعمال ہونے سے روکنے کے لیے مسلسل سرگرم ہے۔ منشیات کی غیر قانونی ترسیل کے خلاف کارروائیوں کا مقصد نہ صرف نوجوان نسل کو اس لعنت سے محفوظ رکھنا ہے بلکہ ملک کی معیشت اور معاشرتی ڈھانچے کو بھی نقصان سے بچانا ہے۔

ادارے نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی اور ملک کو منشیات سے پاک بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

editor

Related Articles