وزیراعظم کا پیٹرول پمپس کوعوامی ریلیف دینے کا حکم،خلاف ورزی پر سخت کارروائی کا فیصلہ

وزیراعظم کا پیٹرول پمپس کوعوامی ریلیف دینے کا حکم،خلاف ورزی پر سخت کارروائی کا فیصلہ

وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے بچنے کے حکومتی فیصلے کے باوجود عوام کو ریلیف فراہم نہ کرنے والے پیٹرول پمپس کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کردی۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ انہیں ایسی شکایات موصول ہوئی ہیں کہ بعض پیٹرول پمپس حکومتی ریلیف کے فیصلے پر عمل درآمد نہیں کررہے اور صارفین کو اس کا فائدہ نہیں پہنچا رہے۔ انہوں نے وزیر پیٹرولیم کو ہدایت کی کہ ایسے پمپس کی نشاندہی کرکے ان کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔

شہباز شریف نے سخت لہجے میں کہا کہ عوام کو ریلیف سے محروم رکھنے والوں کے ساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والے پیٹرول پمپس کو سبق سکھایا جائے گا،وزیراعظم نے بتایا کہ جمعہ کے روز پیٹرول کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر اضافہ متوقع تھا، تاہم حکومت کے بروقت فیصلے کے باعث عوام کو اس اضافے سے محفوظ رکھا گیا۔

یہ بھی پڑھیں :وزیر اعظم کی جانب سے آئندہ 48 گھنٹوں میں عوامی ریلیف کیلئے بڑا اعلان متوقع

وزیراعظم شہباز شریف نے ایل پی جی کی قیمتوں اور فراہمی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایل پی جی مافیا کا دور ختم ہوچکا ہے۔ حکومت ایل پی جی درآمد کرکے عوام کو ریلیف فراہم کرے گی تاکہ مصنوعی قلت اور ناجائز منافع خوری کا خاتمہ کیا جاسکے۔

شہباز شریف نے خیبر پختونخوا کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں حکومت کی پہلی، دوسری اور تیسری ترجیح سیکیورٹی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز خیبر پختونخوا کے لیے 160 ارب روپے کے پیکج کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

editor

Related Articles