10 روپے کا نوٹ بند؟ سکہ متعارف کروانے کی منظوری

10 روپے کا نوٹ بند؟ سکہ متعارف کروانے کی منظوری

وفاقی کابینہ نے خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے دوران وزیراعلیٰ کے اختیارات گورنر کو منتقل کرنے کی منظوری دے دی، جبکہ اجلاس میں نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن، 10 روپے کے بینک نوٹ کی جگہ سکہ متعارف کرانے اور پاکستان و کویت کے درمیان دفاعی تعاون کے معاہدے کی توثیق سمیت متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے تحت وزیراعلیٰ کے اختیارات گورنر فیصل کریم کنڈی کو منتقل کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ گورنر خیبرپختونخوا اپنے اختیارات کے استعمال سے متعلق ہر ماہ وفاقی حکومت کو جائزہ رپورٹ پیش کریں گے۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ گورنر فیصل کریم کنڈی کی قیادت میں ایڈوائزری کونسل صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے کام کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں: چھوٹے کاروباری افراد کے لیے بڑی خوشخبری، اسٹیٹ بینک نے قرضوں کے حصول کے لیے نیا آن لائن نظام متعارف کرا دیا

وفاقی کابینہ نے پاکستان اور کویت کے درمیان دفاعی تعاون کے معاہدے کی بھی توثیق کر دی۔ اس کے علاوہ وزارت خزانہ کی سفارش پر نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن کی منظوری دی گئی۔

اعلامیے کے مطابق نئے کرنسی نوٹوں میں جعلی کرنسی کی روک تھام کے لیے جدید سیکیورٹی فیچرز شامل کیے جائیں گے، جبکہ نوٹوں کی تیاری میں پائیدار مٹیریل استعمال کیا جائے گا۔

کابینہ نے 10 روپے کے بینک نوٹ کی جگہ 10 روپے کا سکہ متعارف کرانے کی بھی منظوری دے دی۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کابینہ کمیٹی برائے حکومتی ملکیتی اداروں کے 26 اکتوبر کے فیصلوں کی توثیق کی گئی، جبکہ لیجسلیٹیو کیسز سے متعلق متعدد اجلاسوں میں کیے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کر دی گئی۔

Related Articles