انسدادِ دہشت گردی کے محاذ پر پاک برطانیہ مذاکرات، برطانوی وفد کا دہشت گردی سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہارِ افسوس، پاکستان سے تعاون جاری رکھنے کا عزم

انسدادِ دہشت گردی کے محاذ پر پاک برطانیہ مذاکرات، برطانوی وفد کا دہشت گردی سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہارِ افسوس، پاکستان سے تعاون جاری رکھنے کا عزم

پاکستان اور برطانیہ کے درمیان انسدادِ دہشت گردی سے متعلق دوطرفہ مذاکرات ہوئے، جن میں خطے اور عالمی سطح پر سکیورٹی کی صورتحال، دہشت گرد تنظیموں سے لاحق خطرات، سرحد پار دہشت گرد نیٹ ورکس کی سرگرمیوں اور علاقائی امن و استحکام کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق انسدادِ دہشت گردی سے متعلق دوطرفہ مذاکرات میں پاکستانی وفد کی قیادت ڈائریکٹر جنرل کاؤنٹر ٹیررازم ڈاکٹر فریحہ بگٹی نے کی۔ مذاکرات کے دوران دونوں ممالک کے وفود نے دہشت گردی سے پیدا ہونے والے سکیورٹی چیلنجز اور خطے سمیت عالمی صورتحال پر تعمیری گفتگو کی۔

ترجمان کے مطابق برطانوی وفد نے پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات کے نتیجے میں بے گناہ انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ برطانوی وفد نے دہشت گردی کے واقعات میں جاں بحق ہونے والے افراد کے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت بھی کی۔

مذاکرات کے دوران برطانیہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ کھڑے رہنے اور اس سلسلے میں تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ دونوں فریقین نے علاقائی اور عالمی سطح پر سکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے مختلف دہشت گرد تنظیموں سے لاحق خطرات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر بالخصوص سرحد پار سرگرم دہشت گرد نیٹ ورکس سے پیدا ہونے والے خطرات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مذاکرات میں افغانستان کے اندر سرگرم دہشت گرد گروہوں اور افغان سرزمین سے سرگرم دہشت گرد نیٹ ورکس سے لاحق خطرات پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔

پاکستان اور برطانیہ کے درمیان ہونے والے ان مذاکرات میں علاقائی استحکام اور سلامتی کے امور بھی زیرِ بحث آئے، جبکہ دونوں ممالک نے خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کے قیام کے لیے پاکستان کی خدمات اور کوششوں کا اعتراف کیا۔

Related Articles