ساف چیمپیئن شپ : فٹبال کے میدان میں آج ہوگا بڑا ٹاکرا، پاک بھارت مدمقابل

ساف چیمپیئن شپ : فٹبال کے میدان میں آج ہوگا بڑا ٹاکرا،  پاک بھارت مدمقابل

ساف فٹ بال چیمپئن شپ میں پاکستانی ٹیم اپنا پہلا میچ دفاعی چیمپئن بھارت کے خلاف آج جمعرات کو دوپپر دو بجے ڈھاکہ میں کھیلے گی.

جب بھی برصغیر کی دو روایتی حریف ٹیمیں میدان میں اترتی ہیں تو شائقین کے لیے وہ محض ایک کھیل نہیں بلکہ اعصاب کا امتحان بن جاتا ہے ، ڈھاکہ کے تاریخی میدان میں آج ساف فٹبال چیمپئن شپ کا سب سے سنسنی خیز مقابلہ ہونے جا رہا ہے، جہاں پاکستان اور دفاعی چیمپئن بھارت کی قومی فٹبال ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔

ویسے تو جب بھی ان دونوں ملکوں کا میچ ہو، فضا میں ایک الگ ہی قسم کا تناؤ محسوس ہوتا ہے، لیکن اس بار پریس کانفرنس کا ماحول کافی دل کو چھونے والا تھا ،  بھارتی کپتان نیتھن روڈریگیز کا کہنا تھا  کہ میچ سے پہلے اور بعد میں کھلاڑی آپس میں ہاتھ ملائیں گے، جبکہ بھارتی کوچ نوشاد موسیٰ کا انداز تو اور بھی مثبت تھا جن کا کہنا تھا کہ ضرورت پڑی تو وہ پاکستانی کھلاڑیوں کو گلے بھی لگائیں گے۔

اس پر پاکستانی کپتان عالمگیر غازی نے نے یاد دلایا کہ “بھائی، یہ کرکٹ نہیں، فٹبال ہے۔۔ اور اسی لیے اسے دنیا کا خوبصورت کھیل کہتے ہیں۔” ان کا یہ جملہ اس بات کی بہترین عکاسی کرتا ہے کہ کھیل دشمنی نہیں بلکہ جوڑنے کا ذریعہ ہوتے ہیں۔

ایونٹ کا احوال 

ساف (جنوبی ایشیائی فٹبال فیڈریشن) چیمپئن شپ خطے کا سب سے بڑا فٹبال میلہ ہے، جس میں پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش، سری لنکا، بھوٹان اور مالدیپ کی ٹیمیں شامل ہیں۔ پاکستانی ٹیم کے لیے یہ افتتاح ہی ایک کڑا امتحان ہے کیونکہ ان کا سامنا ایونٹ کی سب سے مضبوط اور دفاعی چیمپئن ٹیم بھارت سے ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاک بھارت میچ کا جنون عروج پر، ورلڈ کپ ٹکٹس کیلئے 84 لاکھ درخواستیں موصول، سابقہ ریکارڈ ٹوٹ گئے

پاکستانی اسکواڈ نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا امتزاج ہے، جن کے پاس دفاعی چیمپئن کے خلاف اپ سیٹ کر کے ٹورنامنٹ میں شاندار آغاز کرنے کا سنہری موقع ہے۔

جیت ہار کھیل کا حصہ ہے، لیکن آج کا دن اس بات کی یاد دہانی ہے کہ میدان کی حدود میں مقابلے کے باوجود باہمی احترام سب سے بڑی چیز ہے،  اب دیکھنا یہ ہے کہ  جب یہ معرکہ شروع ہوگا، تو گرین شرٹس کس انداز میں میدان مارتے ہیں۔

editor

Related Articles