پاکستان میں عالمی اسکواش کی واپسی، 4 بڑے انٹرنیشنل ٹورنامنٹس کا اعلان

پاکستان میں عالمی اسکواش کی واپسی، 4 بڑے انٹرنیشنل ٹورنامنٹس کا اعلان

پاکستان میں انٹرنیشنل اسکواش کے میدان دوبارہ آباد ہونے جا رہے ہیں، اسلام آباد اور کراچی میں مسلسل 4 عالمی مقابلے ہوں گے، مجموعی انعامی رقم 4 لاکھ 39 ہزار ڈالر مقرر کی گئی ہے۔

پاکستان میں بین الاقوامی اسکواش مقابلوں کے انعقاد کا سلسلہ تیز ہو گیا ہے۔ اسلام آباد میں جاری ایشین ٹیم اسکواش چیمپئن شپ کے بعد پاکستان مسلسل 4 بین الاقوامی ٹورنامنٹس کی میزبانی کرے گا، جن میں دنیا کے نامور مرد اور خواتین کھلاڑی شرکت کریں گے۔

ان مقابلوں کی مجموعی انعامی رقم 4 لاکھ 39 ہزار امریکی ڈالر ہے۔ ان ٹورنامنٹس کے ذریعے پاکستانی کھلاڑیوں کو عالمی سطح کے کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے اور اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع ملے گا، جبکہ ملک میں اسکواش کے فروغ اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کا نیا باب رقم ، ویرات کوہلی نے ناقابل تسخیر ریکارڈ قائم کر دیا

میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام آباد میں شروع ہونے والی ایشین ٹیم اسکواش چیمپئن شپ میں ایشین اسکواش فیڈریشن کے رکن ممالک کے مرد اور خواتین کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔ اس ایونٹ کے بعد پروفیشنل اسکواش ایسوسی ایشن (پی ایس اے) کے سالانہ کیلنڈر میں شامل مزید 4 مقابلے پاکستان میں منعقد ہوں گے۔

ان میں سے ایک ٹورنامنٹ اسلام آباد جبکہ 3 کراچی میں کھیلے جائیں گے۔

اسلام آباد میں چیف آف ایئر اسٹاف انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ

سلور کیٹیگری کی چیف آف ایئر اسٹاف انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ 2026، 24 سے 28 نومبر تک اسلام آباد میں منعقد ہوگی۔ 40 ہزار ڈالر کی انعامی رقم پر مشتمل اس مقابلے میں صرف مرد کھلاڑی حصہ لیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:ویزا تنازع ختم، حمزہ نذر دوبارہ کرکٹ کے میدان میں اترنے کو تیار

پاکستان کے عالمی انڈر 23 چیمپئن نور زمان ٹاپ سیڈ ہوں گے۔ نئی عالمی رینکنگ میں 3 درجے ترقی کے بعد وہ 25ویں پوزیشن پر پہنچ چکے ہیں۔ پاکستان کے اشعب عرفان کو چوتھی سیڈ دی گئی ہے، جنہوں نے عالمی رینکنگ میں 7 درجے بہتری حاصل کی ہے۔ اسی طرح محمد عاصم خان 68ویں عالمی پوزیشن کے ساتھ ساتویں سیڈ ہوں گے، جبکہ ناصر اقبال بھی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

کراچی میں تین بین الاقوامی مقابلے

کراچی میں مجموعی طور پر 3 لاکھ 99 ہزار ڈالر کی انعامی رقم کے تین بین الاقوامی مقابلے منعقد ہوں گے۔ ان مقابلوں کا آغاز یکم سے 5 دسمبر تک ہونے والی 18 ہزار ڈالر کی چیف آف نیول اسٹاف اسکواش چیمپئن شپ سے ہوگا۔

پی این روشن خان، جہانگیر خان اسکواش کمپلیکس میں ہونے والے اس ایونٹ میں خواتین کا ایک ہزار ڈالر کا پی ایس اے مقابلہ بھی شامل ہوگا۔ اس کے بعد 6 سے 10 دسمبر تک کریک کلب کراچی میں سندھ اوپن انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ کھیلی جائے گی۔

اس ایونٹ میں پاکستان کی جانب سے نور زمان واحد کھلاڑی ہوں گے، جبکہ مصر کے عالمی نمبر 17 یوسف سلمان کو مردوں کے مقابلے میں ٹاپ سیڈ قرار دیا گیا ہے

یہ بھی پڑھیں:صاحبزادہ فرحان دُنیائے کرکٹ پر چھا گئے، بھارت کے بڑے بلے باز کا عالمی ریکارڈ بھی توڑ  ڈالا

خواتین کے مقابلوں میں مصر کی عالمی نمبر 14 سلمہ ہانی ٹاپ سیڈ ہوں گی، جبکہ ان کی ہم وطن عالمی نمبر 19 ندا عباس کو دوسری سیڈ دی گئی ہے۔ ایک لاکھ 30 ہزار ڈالر کی انعامی رقم پر مشتمل اس چیمپئن شپ میں مردوں اور خواتین کے مقابلوں کے لیے برابر انعامی رقم مختص کی گئی ہے۔

جنوری 2027 میں کراچی اوپن کا بڑا مقابلہ

پاکستان میں بین الاقوامی اسکواش مقابلوں کا یہ سلسلہ جنوری 2027 میں کراچی اوپن چیمپئن شپ کے ساتھ آگے بڑھے گا۔ گولڈ کیٹیگری کا یہ ٹورنامنٹ 5 سے 10 جنوری تک منعقد ہوگا، جس کی مجموعی انعامی رقم ڈھائی لاکھ ڈالر رکھی گئی ہے۔

مردوں کے مقابلوں کے لیے ایک لاکھ 25 ہزار ڈالر مختص کیے گئے ہیں، جبکہ خواتین کے ایونٹ میں بھی اتنی ہی رقم تقسیم کی جائے گی۔ خواتین کے مقابلوں میں 32 کھلاڑی حصہ لیں گی۔

پاکستان میں ان عالمی مقابلوں کا انعقاد مقامی اسکواش کھلاڑیوں کے لیے اپنی عالمی رینکنگ بہتر بنانے اور بین الاقوامی تجربہ حاصل کرنے کا اہم موقع ہوگا۔

اگر یہ مقابلے کامیابی سے منعقد ہوتے ہیں تو پاکستان میں اسکواش کی سرگرمیوں کو دوبارہ فروغ دینے اور عالمی کھیلوں کے نقشے پر ملک کی موجودگی مضبوط بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔

editor

Related Articles