صرف ایلومینیم سے بیٹری کی عمر بڑھانے کا نیا طریقہ دریافت

صرف ایلومینیم سے بیٹری کی عمر بڑھانے کا نیا طریقہ دریافت

چین کی بڑی سائنسی پیش رفت، ایلومینیم سے تیار ایسا کیٹالسٹ جو بیٹریوں کی عمر بڑھا سکتا ہے

مہنگی دھاتوں کا متبادل مل گیا؟ چینی سائنسدانوں نے سوڈیم سلفر بیٹریوں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے نئی ٹیکنالوجی تیار کر لی۔ چین کے محققین نے ایلومینیم کی مدد سے ایک ایسا نیا کیٹالسٹ تیار کیا ہے جو سوڈیم سلفر بیٹریوں کی کارکردگی بہتر بنانے اور ان کی عمر بڑھانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:امریکی انتخابات میں انوکھا ووٹ، خلائی اسٹیشن سے3 خلا بازوں نے حصہ لیا

چائنیز اکیڈمی آف سائنسز کے محققین کے مطابق سوڈیم سلفر بیٹریوں کو درپیش ایک بڑا مسئلہ یہ ہے کہ بیٹری کے اندر موجود سوڈیم پولی سلفائیڈز اپنی جگہ سے منتقل ہو کر کیتھوڈ سے دور چلے جاتے ہیں۔ اس عمل کے باعث بیٹری کی کارکردگی متاثر ہوتی ہے اور اس کی عمر کم ہو جاتی ہے۔

اس مسئلے کے حل کے لیے تحقیقاتی ٹیم نے ایلومینیم کی ایٹمی ساخت میں تبدیلی کی اور آکسیجن کے ایک ایٹم کی جگہ نائٹروجن شامل کر دی۔ اس طرح Al–O3N نامی نئی ساخت تیار کی گئی۔

محققین کے مطابق اس تبدیلی سے ایلومینیم اور سلفر کے درمیان کیمیائی تعلق مضبوط ہوا، جس کے نتیجے میں بیٹری کے اندر ہونے والے کیمیائی عمل کی رفتار اور استحکام میں بہتری آئی۔

لیبارٹری تجربات کے دوران اس نئی ٹیکنالوجی سے تیار کردہ بیٹری نے 100 چارج اور ڈسچارج سائیکلز کے بعد بھی 1196 ملی ایمپیئر آور فی گرام کی گنجائش برقرار رکھی۔

یہ بھی پڑھیں:اب واٹس ایپ پر نامعلوم کال کرنے والا چھپ نہیں سکے گا، نیا فیچر متعارف

مزید یہ کہ بیٹری نے 2500 چارج اور ڈسچارج سائیکلز مکمل کیے، جبکہ ہر سائیکل میں اس کی کارکردگی میں کمی کی شرح صرف 0.017 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ یہ تحقیق مستقبل میں زیادہ دیر تک چلنے والی اور بہتر کارکردگی رکھنے والی سوڈیم سلفر بیٹریوں کی تیاری کی راہ ہموار کر سکتی ہے۔

اس تحقیق کی ایک اہم بات یہ بھی ہے کہ اس میں ایلومینیم جیسی سستی اور عام دستیاب دھات استعمال کی گئی ہے، جس سے بیٹریوں کی تیاری میں مہنگی دھاتوں پر انحصار کم کرنے کے امکانات پیدا ہو سکتے ہیں۔

اگر یہ ٹیکنالوجی صنعتی سطح پر بھی کامیاب ہو جاتی ہے تو مستقبل میں کم لاگت اور زیادہ دیر تک چلنے والی بیٹریوں کی تیاری میں اہم پیش رفت ثابت ہو سکتی ہے۔

editor

Related Articles