پاکستانی میزبان اور اداکارہ متھیرا ایک بار پھر اپنے لباس کے انتخاب کے باعث سوشل میڈیا صارفین کی تنقید کی زد میں آگئی ہیں۔ اس بار ان کی مختصر لباس کے ساتھ دوپٹہ اوڑھنے کی تصاویر سوشل میڈیا پر بحث کا موضوع بن گئی ہیں۔
شوبز انڈسٹری میں کئی برس سے سرگرم متھیرا اپنے ماضی، ذاتی زندگی، جدوجہد اور کاسمیٹک طریقہ علاج سے متعلق کھل کر اظہار خیال کرتی رہی ہیں۔ وہ لباس کے معاملے میں بھی اپنی پسند کو ترجیح دیتی ہیں۔
حال ہی میں اداکارہ نے دبئی کے سفر کی چند تصاویر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کیں، جن میں وہ ماؤو رنگ کے مختصر لباس میں دکھائی دے رہی ہیں۔ انہوں نے لباس کے ساتھ اسی رنگ کی کیپ اور دوپٹہ بھی پہن رکھا ہے۔
تصاویر میں متھیرا نے سر کو دوپٹے سے ڈھانپا ہوا ہے، تاہم ان کا لباس مختصر ہونے کے باعث سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بن گیا۔
تصاویر وائرل ہوتے ہی صارفین نے ان کے لباس پر مختلف تبصرے شروع کر دیے۔ بعض افراد نے ان کے انداز کو نامناسب قرار دیا، جبکہ ایک صارف نے مذہبی حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عیسائیت میں بھی اس طرح سر ڈھانپنے اور جسم نمایاں رکھنے کی اجازت نہیں۔
ایک اور صارف نے طنزیہ انداز میں سوال کیا کہ کیا متھیرا پاکستان میں اپنا لباس بھول آئی ہیں؟ جبکہ کچھ صارفین نے ان کے لباس کو ناپسند کرتے ہوئے تنقید کا اظہار کیا۔م تاہم یہ تمام تبصرے سوشل میڈیا صارفین کی ذاتی آرا ہیں۔ متھیرا کی جانب سے تاحال ان تنقیدوں پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔