خیبر پختونخوا میں افسران کی تنخواہوں کے ساتھ بھاری الاؤنس، حکومت نے 250 فیصد سیکیورٹی رسک الاؤنس کی منظوری دے دی

خیبر پختونخوا میں افسران کی تنخواہوں کے ساتھ بھاری الاؤنس، حکومت نے 250 فیصد سیکیورٹی رسک الاؤنس کی منظوری دے دی

 خیبر پختونخوا حکومت نے دہشت گردی اور بدامنی سے متاثرہ اضلاع میں تعینات سول اور پولیس افسران کے لیے ’’ایکٹرا آرڈنری سیکیورٹی رسک الاؤنس‘‘ کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت اہل افسران کو ان کی رننگ بنیادی تنخواہ کا 250 فیصد الاؤنس دیا جائے گا۔ اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

حکومتی نوٹیفکیشن کے مطابق دہشت گردی اور بدامنی سے متاثرہ اضلاع میں خدمات انجام دینے والے پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس اور پولیس سروس آف پاکستان کے افسران اس الاؤنس کے اہل ہوں گے۔

نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ الاؤنس کے لیے اہل اضلاع کی نشاندہی محکمہ داخلہ کرے گا، جبکہ متعلقہ اضلاع کی فہرست ہر مالی سال کے آغاز پر تیار کی جائے گی۔

حکومتی فیصلے کے تحت کسی افسر کے تبادلے، معطلی، چھٹی یا آفیسر آن اسپیشل ڈیوٹی (او ایس ڈی) تعینات ہونے کی صورت میں اسے سیکیورٹی رسک الاؤنس ادا نہیں کیا جائے گا۔

نوٹیفکیشن میں الاؤنس کے مالی معاملات سے متعلق بتایا گیا ہے کہ اس مد میں آنے والے تمام اخراجات وفاقی حکومت برداشت کرے گی، جبکہ الاؤنس کی رقم انکم ٹیکس کے تابع ہوگی۔

وفاقی حکومت کی جانب سے فنڈز کی ادائیگی میں تاخیر کی صورت میں خیبر پختونخوا حکومت عارضی طور پر اخراجات خود برداشت کرے گی، تاہم اس انتظام کے تحت صوبائی حکومت پر کوئی مستقل مالی ذمہ داری عائد نہیں ہوگی۔

صوبائی حکومت نے محکمہ خزانہ کو الاؤنس کی مد میں ہونے والے اخراجات اور وفاقی حکومت سے موصول ہونے والی رقوم کی نگرانی کے لیے خصوصی نظام قائم کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے۔

Related Articles