پاکستان کرکٹ ٹیم کو ایک نیا ٹیلنٹ مل گیا۔ انڈر 19 ایشیا کپ میں وکٹ کیپر بلے باز حمزہ ظہور نے بھارت کے خلاف دباؤ کے وقت شاندار سنچری بنا کر پاکستان کو فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔
ساتویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے حمزہ ظہور نے 108 گیندوں پر ناقابل شکست 100 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں 10 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔ انہوں نے مشکل وقت میں ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے بھارتی ٹیم کی جیت کی امیدوں کو ختم کر دیا۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کے ابتدائی پانچ کھلاڑی صرف 61 رنز پر پویلین لوٹ گئے تھے۔ اس مشکل صورتحال میں حمزہ ظہور نے حسنین عباس ڈار کے ساتھ چھٹی وکٹ پر 107 رنز کی اہم شراکت قائم کی اور ٹیم کو فتح کے قریب پہنچایا۔
حسنین عباس ڈار نے بھی اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 67 گیندوں پر 38 رنز بنائے۔ میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے حمزہ ظہور نے کہا کہ انہوں نے دباؤ لینے کے بجائے اپنی بیٹنگ سے لطف اندوز ہونے کی کوشش کی۔ انہیں جو پلان دیا گیا تھا، انہوں نے اسی کے مطابق کھیلنے کی کوشش کی۔