خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات برائے 12 اضلاع محمود جان بابر نے کہا ہے کہ صوبے میں دہشتگردی کے خلاف مؤثر اقدامات اور پولیس کی سکیورٹی ضروریات پوری کرنے کے لیے فنڈز فراہم کیے جا رہے ہیں، پولیس کو سکیورٹی کے لیے 6 ارب 40 کروڑ روپے درکار تھے، تاہم اس مد میں صرف ایک ارب روپے فراہم کیے گئے۔ گزشتہ دس سال کے دوران خیبر پختونخوا پولیس کو مجموعی طور پر 98 ارب روپے ملے، جبکہ صرف رواں سال پولیس کو 70 ارب روپے فراہم کیے جا رہے ہیں۔
آزاد ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے محمود جان بابر نے کہا کہ دہشتگردی سے متاثرہ علاقوں میں سکیورٹی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں اور لکی مروت میں سیف سٹی منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں۔ ان منصوبوں کے ذریعے جدید ٹیکنالوجی اور نگرانی کے نظام کو بروئے کار لاتے ہوئے امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے اور دہشتگردی کی سرگرمیوں کی روک تھام میں مدد ملے گی۔
محمود جان بابر کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے مقدمات کی سماعت کے لیے فیس لیس کورٹس بھی قائم کی جا رہی ہیں، جہاں دہشتگردوں کو معلوم نہیں ہو سکے گا کہ ان کے مقدمات کی سماعت کرنے والا جج کون ہے اور ان کے خلاف گواہی دینے والے افراد کون ہیں۔ اس نظام کا مقصد عدالتی کارروائی میں شامل ججز اور گواہوں کی شناخت خفیہ رکھنا اور انہیں دہشتگردوں کی جانب سے ممکنہ خطرات سے محفوظ بنانا ہے۔
انہوں نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہاں کے لوگ خود گھروں سے نکل رہے ہیں اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کی حمایت کر رہے ہیں۔ مقامی آبادی چاہتی ہے کہ ان کے علاقے دہشتگردوں سے مکمل طور پر پاک ہوں اور علاقے میں مستقل امن قائم کیا جائے۔
محمود جان بابر کے مطابق مقامی آبادی کی جانب سے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کی حمایت اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ لوگ دہشتگردی سے نجات اور اپنے علاقوں میں امن و امان کی بحالی چاہتے ہیں۔
محمود جان بابر نے کہا کہ سیف سٹی منصوبوں، فیس لیس کورٹس اور سکیورٹی اقدامات کا مقصد دہشتگردی کے خلاف مؤثر حکمت عملی اختیار کرنا، عوام کو تحفظ فراہم کرنا اور متاثرہ علاقوں میں امن کی بحالی ہے۔