کالعدم ایکشن کمیٹی کی بلیک میلنگ کا غبارہ پھٹ گیا، مظفرآباد ڈویژن میں پہیہ جام اور شٹر ڈاؤن کی کال بری طرح ناکام،دوکانیں، مارکیٹیں کھلی رہیں
Home - آزاد سیاست - کالعدم ایکشن کمیٹی کی بلیک میلنگ کا غبارہ پھٹ گیا، مظفرآباد ڈویژن میں پہیہ جام اور شٹر ڈاؤن کی کال بری طرح ناکام،دوکانیں، مارکیٹیں کھلی رہیں
کالعدم ایکشن کمیٹی (JAAC) کی ہڑتال کی کال مظفرآباد ڈویژن میں مکمل طور پر ناکام ہو گئی ہے جس کے بعد دارالحکومت سمیت تمام ملحقہ علاقوں میں معمولاتِ زندگی مکمل طور پر بحال ہیں اور تاجر برادری و عوام نے احتجاجی سیاست کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔
کالعدم ایکشن کمیٹی (جیک) کی جانب سے مظفرآباد ڈویژن میں پہیہ جام اور شٹر ڈاؤن ہڑتال کی اپیل کی گئی تھی، تاہم عوامی سطح پر اس کال کو کوئی پذیرائی حاصل نہیں ہو سکی۔ صبح سویرے ہی مظفرآباد شہر اور گردونواح کے تمام چھوٹے بڑے کاروباری مراکز، مارکیٹیں اور شاپنگ مالز حسبِ معمول کھل گئے۔ تاجروں نے کالعدم تنظیم کے دباؤ اور دھمکیوں کو ہوا میں اڑاتے ہوئے اپنی دکانیں کھولیں اور تجارتی سرگرمیاں جاری رکھیں۔
مقامی تجزیہ کاروں اور شہریوں کا کہنا ہے کہ کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی (جیک) کی جانب سے بار بار کی ہڑتالوں اور احتجاجی کالز نے ماضی میں عام آدمی کے روزگار اور خطے کی معیشت کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ اب عوام ان کے ذاتی اور سیاسی ایجنڈوں کو اچھی طرح سمجھ چکے ہیں یہی وجہ ہے کہ اس بار عوام اور تاجروں نے جیک کے جھوٹے بیانیے اور ہتھکنڈوں کو یکسر مسترد کر دیا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ امن اور ترقی کے دشمن عناصر صرف اپنے مفادات کے لیے خطے کا امن داؤ پر لگانا چاہتے ہیں، لیکن مظفرآباد کے باشعور عوام نے پُرامن رہ کر ان سازشوں کو ناکام بنا دیا ہے۔
ہڑتال کی کال کے پیشِ نظر انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے شہر کے داخلی و خارجی راستوں اور حساس مقامات پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے پولیس کے چاک و چوبند دستے گشت کرتے رہے، جس سے تاجر برادری اور شہریوں کو تحفظ کا احساس ملا۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ قانون ہاتھ میں لینے اور زبردستی دکانیں بند کروانے کی کوشش کرنے والے شرپسند عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی جائے گی اور خطے کے امن و امان پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔