پاکستانی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ ریما خان نے طویل عرصے بعد فلمی دنیا میں واپسی کا فیصلہ کرلیا ہے۔ اداکارہ نے ہدایت کار اور پروڈیوسر وجاہت رؤف کی نئی فلم ’پنچھی پیارے‘ سائن کرلی ہے۔
وجاہت رؤف نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ریما خان کی فلمی واپسی کا اعلان کیا اور اداکارہ کے ساتھ کام کرنے پر خوشی کا اظہار کیا۔ ریما خان کا شمار پاکستان کی مقبول فلمی اداکاراؤں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے 1990 کی دہائی میں شوبز انڈسٹری میں قدم رکھا اور اپنے طویل فلمی کیریئر کے دوران متعدد کامیاب فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔
ڈاکٹر طارق شہاب سے شادی کے بعد ریما خان امریکا منتقل ہوگئی تھیں، جہاں وہ اپنی خاندانی زندگی پر توجہ دے رہی تھیں۔ اسی دوران انہوں نے اداکاری سے طویل وقفہ لے لیا تھا۔
اداکارہ کی فلمی واپسی کی خبر سامنے آنے کے بعد مداحوں اور شوبز شخصیات نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔ عمران عباس، زویا ناصر اور علی رحمان خان سمیت متعدد فنکاروں نے ریما خان اور وجاہت رؤف کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔