فضل الرحمٰن کی ملوکیت اور منافقت کا جنازہ نکل گیا: سرگودھا کے ضلعی جنرل سیکرٹری فہد حمید کمبوہ جے یو آئی (ف) کو لات مار کر مستعفی

فضل الرحمٰن کی ملوکیت اور منافقت کا جنازہ نکل گیا: سرگودھا کے ضلعی جنرل سیکرٹری فہد حمید کمبوہ جے یو آئی (ف) کو لات مار کر مستعفی

جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی سیاسی پالیسیوں اور حالیہ بیانات کے خلاف جماعت کے اندر سے اختلافات سامنے آنے لگے ہیں، 9 نومبر 2026ء کو جے یو آئی (ف) کے ضلعی جنرل سیکرٹری محمد فہد حمید کمبوہ نے اپنے عہدے سے فوری استعفیٰ دے دیا۔ انہوں نے مولانا فضل الرحمٰن کی قیادت اور جماعت کی پالیسیوں سے اختلاف کرتے ہوئے مذہبی اقدار کو سیاسی اور جماعتی مفادات کے لیے استعمال کرنے اور ریاستی اداروں کے احترام کے منافی بیانیے پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔

فہد حمید کمبوہ نے اپنے تحریری استعفے میں مؤقف اختیار کیا کہ جے یو آئی (ف) کی مرکزی قیادت مذہبی اقدار کو سنجیدگی اور وقار کے ساتھ پیش کرنے کے بجائے انہیں ذاتی اور جماعتی مفادات کے حصول کے لیے استعمال کر رہی ہے۔ ان کے مطابق مولانا فضل الرحمٰن کے حالیہ بیانات قومی اتحاد، آئینی ذمہ داری اور ملک کے محافظ اداروں کے احترام کے اصولوں کے منافی ہیں، ایسے سیاسی مؤقف سے اتفاق کرنا ان کے لیے ممکن نہیں، اسی لیے انہوں نے جماعت کے ضلعی جنرل سیکرٹری کے عہدے سے علیحدگی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا۔

فہد حمید کمبوہ کے استعفے سے قبل 8 نومبر کو بھی جے یو آئی (ف) کے ایک کارکن کی جانب سے جماعت چھوڑنے کا اعلان سامنے آیا تھا۔ مذکورہ کارکن نے قیادت کے فیصلوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ قیادت کے فیصلوں کا خمیازہ عام کارکنوں کو بھگتنا پڑتا ہے، کارکن پولیس مقدمات اور عدالتی کارروائیوں کا سامنا کرتے ہیں جبکہ قیادت اپنے لیے سیاسی راستے نکال لیتی ہے۔ ان واقعات نے جماعت کی اندرونی صورتحال اور قیادت کی پالیسیوں پر کارکنوں کے تحفظات کو نمایاں کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی دور کی سیاسی بھرتیوں پر کاری ضرب، محکمہ صحت اور تعلیم کے 18 ملازمین نوکریوں سے برطرف،مزید فہرستیں تیار

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب مولانا فضل الرحمٰن نے 26 نومبر کو سرگودھا میں بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کا اعلان کر رکھا ہے۔ جے یو آئی (ف) کی پنجاب قیادت اس جلسے کو صوبے میں جماعت کی سیاسی سرگرمیوں اور عوامی رابطہ مہم کے حوالے سے اہم قرار دے رہی ہے، تاہم جلسے سے قبل ضلعی جنرل سیکرٹری کا استعفیٰ جماعتی تنظیم اور قیادت کے لیے ایک اہم سیاسی پیش رفت ہے۔

دوسری جانب مولانا فضل الرحمٰن اور ان کے خاندان سے متعلق مختلف معاملات بھی ان دنوں زیر بحث ہیں۔ ملتان میں ان کے صاحبزادے اسعد محمود کے دور وزارت کے دوران پاکستان پوسٹ میں 4 ہزار 252 مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کا معاملہ نیب اور ایف آئی اے کی تحقیقات کا حصہ بن چکا ہے۔ نیب نے سابق وفاقی وزیر اسعد محمود کو 10 نومبر کو طلب کر رکھا ہے۔ نیب کے مطابق پاکستان پوسٹ میں 3 ہزار 938 آسامیوں پر بھرتیوں کی اجازت تھی جبکہ مبینہ طور پر 4 ہزار 252 افراد بھرتی کیے گئے، جن میں ختم شدہ آسامیوں پر بھرتیوں کا معاملہ بھی زیر تفتیش ہے۔

کراچی کے علاقے منگھوپیر میں جے یو آئی (ف) کے رہنما راشد سومرو سے منسوب ایک مدرسے کے حوالے سے تقریباً 25 ایکڑ سرکاری اراضی پر مبینہ قبضے کا معاملہ بھی سامنے آیا ہے۔ اس حوالے سے فضائی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد سرکاری زمین کی ملکیت، مبینہ قبضے اور متعلقہ حکام کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹسز پر سوالات اٹھائے گئے ہیں۔ اس معاملے میں مدرسے کے بجلی کے واجبات اور سکیورٹی سے متعلق الزامات بھی سامنے آئے ہیں، جن کی حتمی حیثیت متعلقہ اداروں کی تحقیقات اور سرکاری ریکارڈ سے طے ہونا باقی ہے۔

اسلام آباد میں بھی مولانا فضل الرحمٰن کی رہائش گاہ اور جے یو آئی (ف) سے منسلک بعض مدارس کی عمارتوں کے حوالے سے سی ڈی اے کی کارروائی اور نوٹسز کا معاملہ زیر بحث ہے۔ سی ڈی اے نے مبینہ غیر منظور شدہ تعمیرات اور عمارتوں کے قواعد کی خلاف ورزیوں پر نوٹس جاری کیے ہیں اور مقررہ مدت میں خلاف ورزیاں دور نہ کرنے کی صورت میں عمارتوں کو سیل کرنے، غیر قانونی تعمیرات گرانے اور الاٹمنٹ منسوخ کرنے جیسے اقدامات کی تنبیہ کی ہے۔

ان تمام معاملات کے پس منظر میں سرگودھا کے ضلعی جنرل سیکرٹری محمد فہد حمید کمبوہ کا استعفیٰ جے یو آئی (ف) کی اندرونی سیاست میں ایک نئی پیش رفت ہے۔ جماعت کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کو ایک طرف مختلف سیاسی اور انتظامی معاملات پر تنقید کا سامنا ہے تو دوسری طرف اپنی ہی جماعت کے کارکنوں اور عہدیداروں کی جانب سے اختلافی آوازیں بھی سامنے آ رہی ہیں۔

اب اہم سوال یہ ہے کہ کیا 26 نومبر کے سرگودھا جلسے سے قبل جماعت کے مزید عہدیدار اور کارکن بھی قیادت کی پالیسیوں سے اختلاف کرتے ہوئے علیحدگی اختیار کریں گے یا مرکزی قیادت ان تحفظات کو دور کرنے میں کامیاب ہو گی

Qaisar Mirza
editor

Related Articles