مساجد امن اور بھائی چارے کے مراکز ہیں، انہیں پناہ گاہ بنانے والوں کا صفایا ہوگا، گورنرفیصل کریم کنڈی کا خطے سے دہشت گردی کی جڑیں اکھاڑنے کا عذم
Home - آزاد انتخاب - مساجد امن اور بھائی چارے کے مراکز ہیں، انہیں پناہ گاہ بنانے والوں کا صفایا ہوگا، گورنرفیصل کریم کنڈی کا خطے سے دہشت گردی کی جڑیں اکھاڑنے کا عذم
شمالی وزیرستان میں مساجد کو دہشتگردی کے لیے استعمال کرنا ناقابل قبول ہے، سکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، خیبر پختونخوا میں امن کے قیام کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مزید تیزی لائی جائے گی، گورنر فیصل کریم کنڈی
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے شمالی وزیرستان کی تحصیل میر علی میں سکیورٹی فورسز کے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ مساجد کو دہشتگردی، اسلحہ ذخیرہ کرنے اور مذموم سرگرمیوں کے لیے استعمال کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں، سکیورٹی فورسز اور انٹیلی جنس اداروں کی کامیاب کارروائی قابل تحسین ہے اور صوبے میں مکمل امن و امان کے قیام کے لیے دہشتگردوں کے خلاف کارروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے گی۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے اپنے بیان میں سکیورٹی اور انٹیلی جنس فورسز کو شمالی وزیرستان میں کامیاب کارروائی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ سکیورٹی فورسز کی اس مؤثر کارروائی کو سراہتے ہیں۔ آپریشن کی ویڈیوز دیکھ کر انہیں شدید دکھ ہوا کہ فتنۃ الخوارج نے مساجد جیسے مقدس مقامات کو دہشتگردی کی سرگرمیوں اور اسلحہ ذخیرہ کرنے کے لیے استعمال کیا۔
انہوں نے کہا کہ مساجد امن، بھائی چارے اور اسلام کی تعلیمات کا درس دیتی ہیں، ان مقدس مقامات پر دہشتگردی کی سرگرمیاں جاری رکھنا اور انہیں اسلحہ ذخیرہ کرنے کے لیے استعمال کرنا انتہائی افسوسناک اور ناقابل قبول عمل ہے۔ مذہبی عبادت گاہوں کو اپنے مذموم مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی۔
گورنر خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ ضم شدہ اضلاع میں ماضی میں بھی مساجد کے غلط استعمال کی شکایات سامنے آتی رہی ہیں، تاہم ہمارا معاشرہ ایسے اقدامات کو کسی صورت قبول نہیں کرتا۔ مساجد کا تقدس برقرار رکھنا اور انہیں امن و سلامتی کے مراکز کے طور پر محفوظ بنانا ہر ایک کی ذمہ داری ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں پائیدار امن کے قیام کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مزید تیزی لائی جائے گی۔ دہشتگردی کے خاتمے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے سکیورٹی اداروں کی کارروائیاں ناگزیر ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ صوبے میں مکمل امن و امان کے قیام کے لیے سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور دہشتگردی کے خلاف جاری کوششوں میں اداروں کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھا جائے گا۔