پاکستانی اداکارہ میرا کی چھوٹی بہن شائستہ عباس برطانیہ میں کینسر کے باعث انتقال کر گئیں۔ وہ گزشتہ تقریباً 3 سال سے کینسر کے آخری مرحلے میں مبتلا تھیں اور برطانیہ میں زیر علاج تھیں۔
شائستہ عباس کے انتقال کی خبر میاں شہباز احمد نے شیئر کی، جس کے بعد شوبز حلقوں اور مداحوں میں افسوس کی لہر دوڑ گئی۔ مرحومہ پیشے کے اعتبار سے وکیل تھیں، تاہم وہ اداکاری کے شعبے سے بھی وابستہ رہ چکی تھیں۔ انہوں نے ٹی وی ون کے ڈرامے ’سیپ‘ میں بھی اداکاری کی تھی۔ وہ ایک چار سالہ بچے کی والدہ بھی تھیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شائستہ عباس کی والدہ شفقت بیگم ان کے آخری ایام میں برطانیہ میں ان کے ساتھ موجود تھیں۔ دوسری جانب اداکارہ میرا ویزا نہ ملنے کے باعث اپنی بہن سے آخری ملاقات کے لیے برطانیہ نہیں جا سکیں۔
شائستہ عباس کے انتقال پر شوبز شخصیات اور مداحوں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اہل خانہ سے تعزیت کی ہے۔