امریکی خلائی ادارے ناسا نے ایک جدید ٹیکنالوجی کا کامیاب تجربہ کیا ہے، جس کی مدد سے خلائی جہاز چاند اور دیگر سیاروں کی سطح پر خودکار طور پر محفوظ لینڈنگ مقامات تلاش کرسکیں گے۔
ناسا چاند کی سطح پر مستقل اڈہ قائم کرنے کے منصوبے پر کام کر رہا ہے۔ اس مقصد کے لیے ایسی ٹیکنالوجی تیار کی جا رہی ہے جو خلائی جہازوں کو دشوار گزار اور خطرناک علاقوں میں بھی محفوظ طریقے سے اتارنے میں مدد دے سکے۔
اس جدید نظام کی آزمائش امریکی ریاست کیلیفورنیا کے صحرائے موجاوی میں کی گئی، جہاں جدید نیویگیشن اور رہنمائی کے نظام سے لیس ایک ڈرون نے چاند پر لینڈنگ کی مشق کے مصنوعی تجربات کامیابی سے مکمل کیے۔
یہ نظام روشنی کی مدد سے فاصلے اور زمین کی سطح کا تعین کرنے والے سینسرز سے ڈیٹا حاصل کرتا ہے۔ اس معلومات کی بنیاد پر زمین کی سطح کے انتہائی تفصیلی ڈیجیٹل نقشے تیار کیے جاتے ہیں، جن کی مدد سے لینڈنگ کے لیے ممکنہ محفوظ مقامات کا جائزہ لیا جاتا ہے۔
اگر نظام کو اندازہ ہو کہ منتخب مقام پر اترنا خطرناک ہوسکتا ہے تو یہ خودکار طور پر ڈرون کا رخ تبدیل کرکے اسے کسی زیادہ محفوظ جگہ کی طرف لے جاتا ہے۔
ناسا کی اس ٹیکنالوجی کو Safe and Precise Landing, Integrated Capabilities Evolution (SPLICE) کا نام دیا گیا ہے۔ اسے امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن میں واقع ناسا کے جانسن اسپیس سینٹر کے محققین نے تیار کیا ہے۔
اس ٹیکنالوجی کی کامیاب آزمائش مستقبل میں چاند اور دیگر سیاروں پر خلائی جہازوں کی محفوظ لینڈنگ کے لیے اہم پیش رفت ثابت ہوسکتی ہے۔