مقدس مساجد کو تشدد کے مراکز اور بارود کا ڈپو بنانے والوں پر سیکیورٹی فورسز قہر بن کر ٹو ٹ پڑی ،مساجد میں قائم فتنہ الخوارج کے دو ہولناک ٹھکانے ملیا میٹ
Home - آزاد انتخاب - مقدس مساجد کو تشدد کے مراکز اور بارود کا ڈپو بنانے والوں پر سیکیورٹی فورسز قہر بن کر ٹو ٹ پڑی ،مساجد میں قائم فتنہ الخوارج کے دو ہولناک ٹھکانے ملیا میٹ
شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، مساجد میں قائم فتنہ الخوارج کے دو ٹھکانوں کو کلیئر کر دیا گیا، بھاری مقدار میں تیار آئی ای ڈیز، بارودی مواد، اسلحہ اور گولہ بارود برآمد
شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی کے جنوبی اطراف میں واقع گاؤں موزک میں سکیورٹی فورسز نے 8 نومبر 2026 کو خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جس کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے دو ٹھکانوں کو کلیئر کر دیا گیا۔ دہشتگردوں نے یہ ٹھکانے مساجد میں قائم کر رکھے تھے، جہاں بارودی مواد ذخیرہ کرنے کے ساتھ مبینہ طور پر تشدد کے مراکز بھی چلائے جا رہے تھے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران دہشتگردوں کی جانب سے مساجد میں قائم کیے گئے دونوں ٹھکانوں کی تلاشی اور کلیئرنس کا عمل مکمل کیا گیا، جہاں سے بڑی مقدار میں تیار شدہ دیسی ساختہ دھماکہ خیز آلات (آئی ای ڈیز)، دھماکہ خیز مواد تیار کرنے کا سامان، اسلحہ اور بھاری مقدار میں گولہ بارود برآمد کیا گیا۔
سکیورٹی فورسز کے مطابق دہشتگردوں نے جان بوجھ کر مساجد کو اپنے ٹھکانوں کے طور پر استعمال کیا تھا تاکہ وہاں دھماکہ خیز مواد ذخیرہ کر سکیں اور ان مقامات پر تشدد کے مراکز بھی قائم رکھ سکیں۔ مساجد جیسے مقدس مقامات کو دہشتگردی اور تشدد کی سرگرمیوں کے لیے استعمال کرنا مذہبی تقدس کی صریح پامالی ہے۔
سکیورٹی فورسز کے بیان میں کہا گیا ہے کہ فتنہ الخوارج کے یہ اقدامات اسلام کی بنیادی تعلیمات سے ان کی مکمل لاتعلقی کا واضح ثبوت ہیں۔ افغان طالبان کی معاونت سے سرگرم ان دہشتگرد عناصر کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں، جبکہ مذہب کی گمراہ کن تشریح اور اسے اپنے مذموم مقاصد کے لیے استعمال کرنا ناقابل قبول ہے۔ خیبر پختونخوا اور پاکستان کے عوام ایسے عناصر کے نظریات اور اقدامات کو مسترد کرتے ہیں۔
آپریشن کے بعد علاقے میں کلیئرنس اور سرچ کارروائیاں جاری ہیں تاکہ کسی دوسرے بھارتی سرپرستی میں قائم دہشتگرد ٹھکانے یا خفیہ مراکز کا سراغ لگا کر انہیں ختم کیا جا سکے۔ سکیورٹی فورسز کے بہادر جوان علاقے میں دہشتگردوں کے ممکنہ ٹھکانوں کے خاتمے اور عوام کے تحفظ کے لیے کارروائیاں کر رہے ہیں۔
بیان کے مطابق وفاقی ایپکس کمیٹی کی جانب سے منظور کردہ قومی ایکشن پلان کے تحت وژن عزمِ استحکام کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی۔ ملک میں غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشتگردی کے مکمل خاتمے اور امن و استحکام کے قیام تک انسدادِ دہشتگردی کی مہم جاری رکھی جائے گی۔