پاکستانی اداکارہ اور میزبان وینا ملک نے اپنے بڑھتے ہوئے وزن پر مسلسل تنقید اور طنزیہ تبصروں کے خلاف خاموشی توڑ دی۔
نجی ٹی وی کے مارننگ شو ’وینا ہے نا‘ میں گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ وہ بار بار یہ سن کر تھک چکی ہیں کہ ان کا وزن بڑھ گیا ہے، وہ موٹی ہوگئی ہیں یا بھینس جیسی دکھائی دیتی ہیں۔
وینا ملک کا کہنا تھا کہ پہلے انہیں اندازہ نہیں تھا کہ زیادہ وزن والے افراد کو کس طرح کی تنقید اور تکلیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے، لیکن اب وہ خود اس صورتحال سے گزر رہی ہیں۔
اداکارہ نے کہا کہ انہیں معلوم ہے کہ ان کا وزن بڑھ چکا ہے اور انہیں اسے کم کرنے کی ضرورت ہے، تاہم لوگوں کو بار بار اس بات کا احساس دلانے کی ضرورت نہیں۔
وینا ملک کے بیان کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے ملا جلا ردعمل سامنے آیا۔ متعدد صارفین نے ان کی حمایت کرتے ہوئے کسی کی جسمانی ساخت پر طنز کرنے کے رجحان کو تنقید کا نشانہ بنایا، جبکہ بعض افراد نے ان کے لباس اور اسٹائل پر بھی تبصرے کیے۔