دو روزہ وقفے کے بعد ملک بھر میں سونے اور چاندی کی قیمتوں کو ایک بار پھر پر لگ گئے۔
عالمی مارکیٹ میں صرافہ بازاروں میں بھی قیمتوں کا نیا طوفان برپا کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں فی تولہ سونا 3 ہزار 200 روپے تک پہنچ گیا ۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 3,200 روپے کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد سونے کی فی تولہ قیمت 4 لاکھ 32 ہزار 336 روپے کی بلند ترین سطح پر جا پہنچی۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 2,744 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد اس کا نیا ریٹ 3 لاکھ 70 ہزار 658 روپے ہو گیا ہے۔
اس تیزی کی بنیادی وجہ بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں رونما ہونے والے اتار چڑھاؤ ہیں ، عالمی صرافہ بازار میں سونے کی قیمت 32 ڈالر کے اضافے سے 4,098 ڈالر فی اونس کی سطح پر پہنچ گئی، جس کے براہ راست اثرات نے پاکستان کی صرافہ مارکیٹس کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
دوسری جانب، چاندی کی قیمتوں میں بھی اضافے کا رجحان برقرار رہا، عالمی مارکیٹ میں فی اونس چاندی 55 سینٹس کے اضافے سے 52 ڈالر 45 سینٹس کی سطح پر پہنچ گئی۔
اسی تناظر میں مقامی صرافہ مارکیٹ میں فی تولہ چاندی کی قیمت 55 روپے بڑھ کر 5,723 روپے ہو گئی، جبکہ 10 گرام چاندی کی قیمت 47 روپے کے اضافے کے ساتھ 4,906 روپے ریکارڈ کی گئی۔
صرافہ ایسوسی ایشن کے ذرائع کے مطابق، عالمی سطح پر معاشی بے یقینی اور سرمایہ کاروں کی محفوظ سرمایہ کاری کی جانب پیش قدمی کے باعث قیمتی دھاتوں کے نرخ مسلسل دباؤ میں ہیں، جس سے آنے والے دنوں میں بھی مارکیٹ میں مزید نفع نقصان کے ساتھ اتار چڑھاؤ کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔