لاہور سے اسلام آباد تک ایل پی جی کی من مانی قیمتیں، گھریلو سلنڈر 6 ہزار 700 روپے کا ہوگیا

لاہور سے اسلام آباد تک ایل پی جی کی من مانی قیمتیں، گھریلو سلنڈر 6 ہزار 700 روپے کا ہوگیا

 ملک بھر میں ایل پی جی سرکاری نرخوں کے بجائے من مانے داموں فروخت ہونے لگی، مختلف شہروں میں سرکاری قیمت تقریباً 290 سے 360 روپے فی کلو مقرر ہونے کے باوجود مارکیٹ میں ایل پی جی 520 سے 600 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں ایل پی جی کی سرکاری قیمت 294 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم مارکیٹ میں صارفین کو 550 سے 600 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کی جا رہی ہے۔

کراچی میں ایل پی جی کی سرکاری قیمت 295 روپے فی کلو کے مقابلے میں مارکیٹ میں 520 سے 540 روپے وصول کیے جا رہے ہیں، جبکہ ملتان میں بھی سرکاری نرخ 295 روپے ہونے کے باوجود گیس 550 سے 600 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے۔

اسی طرح فیصل آباد میں ایل پی جی کی سرکاری قیمت تقریباً 290 روپے فی کلو ہے، تاہم اوپن مارکیٹ میں اس کی قیمت 600 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سردیوں سے پہلے عوام پر مہنگائی کا وار، ایل پی جی کی قیمت میں 80 فیصد اضافہ

پشاور میں سرکاری نرخ 294 روپے فی کلو مقرر ہونے کے باوجود ایل پی جی 550 سے 570 روپے میں فروخت کی جا رہی ہے، جبکہ کوئٹہ میں سرکاری قیمت 360 روپے کے مقابلے میں مارکیٹ میں 520 سے 540 روپے فی کلو وصول کیے جا رہے ہیں۔

دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی ایل پی جی کی قیمتوں میں نمایاں فرق سامنے آیا ہے۔ سرکاری نرخ 295 روپے فی کلو ہونے کے باوجود مارکیٹ میں گیس 567 روپے فی کلو فروخت کی جا رہی ہے۔

اسلام آباد میں گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی سرکاری قیمت 3 ہزار 470 روپے 9 پیسے مقرر ہے، جبکہ مارکیٹ میں صارفین سے 6 ہزار 700 روپے وصول کیے جا رہے ہیں۔

سرکاری نرخوں اور مارکیٹ میں فروخت ہونے والی قیمتوں کے درمیان نمایاں فرق کے باعث ملک بھر میں صارفین کو مہنگے داموں ایل پی جی خریدنا پڑ رہی ہے۔

Related Articles