وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی کامیابی کو مریم نواز کی حکومتی کارکردگی پر عوام کے اعتماد کا اظہار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کے عوام نے خدمت اور ترقی کی سیاست کو ترجیح دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز کی عوامی خدمت کے باعث مسلم لیگ (ن) ووٹرز کی پہلی پسند بن چکی ہے۔
لاہور سے جاری اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے گوجرانوالہ اور چیچہ وطنی کے ضمنی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والے مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں راشد بشیر ورک اور اسد حنیف جٹ کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں امیدواروں نے اپنے اپنے حلقوں میں بڑے مارجن سے کامیابی حاصل کی، جبکہ انہیں متعدد مخالف سیاسی جماعتوں کا سامنا تھا۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے مقابلے میں مختلف سیاسی جماعتیں متحد ہوکر میدان میں اتریں، لیکن اس کے باوجود عوام نے پارٹی کے امیدواروں پر اعتماد کا اظہار کیا۔ ان کے مطابق یہ کامیابی مریم نواز کی قیادت اور پنجاب میں جاری عوامی فلاح کے اقدامات کی تائید ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ اس نے ضمنی انتخابات میں ایسی جماعتوں کے ساتھ مل کر مسلم لیگ (ن) کا مقابلہ کیا جنہیں ریاست کالعدم قرار دے چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض جماعتیں نام تبدیل کرکے کھلے عام سیاسی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، جو ریاست کے لیے ایک بڑا امتحان ہے۔
یہ بھی پڑھیں :این اے 77 ضمنی الیکشن،ن لیگ کے راشد بشیر ورک نے میدان مار لیا ،غیر حتمی غیر سرکاری نتیجہ
انہوں نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ کالعدم قرار دی گئی جماعتوں کی سیاسی سرگرمیوں کا نوٹس لیا جائے اور اس معاملے کا جائزہ لیا جائے کہ دہشت گردی کی حمایت سے وابستہ عناصر سے منسلک جماعتیں کس طرح کھلے عام سیاسی سرگرمیاں جاری رکھ سکتی ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے ضمنی انتخابات کے دوران مبینہ انتخابی بے ضابطگیوں کا معاملہ بھی اٹھایا۔ ان کا الزام تھا کہ ایک کالعدم جماعت کے کارکن الیکشن کمیشن کے عملے کی موجودگی میں مبینہ طور پر جعلی ووٹ ڈالتے رہے۔ انہوں نے اس حوالے سے ویڈیوز شیئر کرنے کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ ان واقعات کے باوجود عوام نے مخالف جماعتوں کو مسترد کردیا۔
وزیر اطلاعات پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ ضمنی انتخابات میں تشدد اور دہشت گردی سے منسوب بیانیے کو عوامی حمایت حاصل نہیں ہوئی، جبکہ گوجرانوالہ اور چیچہ وطنی میں خدمت، ترقی اور کارکردگی کی سیاست کامیاب رہی ہے۔ ان کے مطابق انتخابی نتائج نے پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کی عوامی مقبولیت اور مریم نواز کی کارکردگی پر اعتماد کو ظاہر کیا ہے۔
