پاکستان نے سعودی دارالحکومت ریاض میں سعودی آرامکو کی انتظامی عمارت پر حوثیوں کے حملے کی کوشش کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے پیر کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شہری تنصیبات کو نشانہ بنانا انسانی جانوں اور علاقائی سلامتی کے حوالے سے غیر ذمہ دارانہ اقدام ہے۔ پاکستان نے حوثیوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سعودی عرب کے خلاف تمام حملے فوری اور غیر مشروط طور پر بند کریں۔
بیان میں حوثیوں کی کارروائی کو بلاجواز اور بلااشتعال جارحیت قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ پاکستان سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ضروری تمام اقدامات کی حمایت کرتا ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق سعودی عرب کی سلامتی پاکستان کے لیے انتہائی اہمیت رکھتی ہے اور سعودی عوام کی حفاظت اور فلاح و بہبود کے لیے پاکستان کا عزم غیر متزلزل ہے۔
پاکستان کا یہ بیان یمن کے حوثی گروپ کی جانب سے ریاض کے شاہ عبداللہ مالیاتی ضلع میں سعودی آرامکو کی انتظامی عمارت پر حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کے ایک روز بعد سامنے آیا ہے۔ حملے کی کوشش کے نتیجے میں عمارت کو نقصان پہنچا تھا۔
دوسری جانب سعودی حکام نے پیر کو ریاض کے شہریوں کو فضائی خطرے سے متعلق مختصر انتباہ جاری کیا اور انہیں گھروں کے اندر یا محفوظ مقامات پر رہنے، کھڑکیوں اور دروازوں سے دور رہنے اور سرکاری ہدایات پر عمل کرنے کی تاکید کی۔
سعودی سول ڈیفنس کی جانب سے جاری پیغام میں کہا گیا کہ علاقے کو دشمن کی جانب سے فضائی خطرے کا سامنا ہے اور شہری پرسکون رہیں۔ تاہم چند منٹ بعد یہ انتباہ واپس لے لیا گیا، جس کے بعد حکام کی جانب سے فوری خطرہ ٹلنے کا اشارہ دیا گیا۔ حوثیوں نے پیر کو ریاض پر کسی نئے حملے کا اعلان نہیں کیا۔
سعودی وزارت توانائی نے اتوار کو بتایا تھا کہ ریاض میں سعودی آرامکو کی انتظامی عمارت کو حملے کی کوشش کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں گرنے والے شیل کے ٹکڑوں سے عمارت کو معمولی نقصان پہنچا، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے عینی شاہدین کے مطابق عمارت کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور بیرونی حصے کو بھی نقصان پہنچا۔ یہ عمارت شاہ عبداللہ مالیاتی ضلع میں واقع ہے، جہاں سعودی کمپنیوں، بین الاقوامی اداروں، سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ اور اسٹاک ایکسچینج کے دفاتر موجود ہیں۔
حوثی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے بیلسٹک اور کروز میزائلوں سمیت ڈرونز کے ذریعے چار فوجی کارروائیاں کیں۔ گروپ کے مطابق ریاض کا مالیاتی ضلع، دارالحکومت کا ہوائی اڈہ، آرامکو کے تیل ذخیرہ کرنے کے مراکز اور مشرقی سعودی شہر ابقیق ان کارروائیوں کے ممکنہ اہداف میں شامل تھے۔