ڈسکہ میں فراز گراؤنڈ واقعے کے دوران بھگدڑ سے جاں بحق ہونے والے نوجوان محمد ریحان کے اہلِ خانہ کوصلح کے لیے دباؤ ڈالنے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کے معاملے میں پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم محمد انصر عرف مسٹر پتلو کو گرفتار کرلیا۔
میڈیا تفصیلات کے مطابق محمد ریحان کے اہلِ خانہ نے الزام عائد کیا تھا کہ انہیں مقدمے میں صلح کرنے اور ملزمان کے حق میں بیان دینے کے لیے دباؤ کا سامنا ہے۔
متاثرہ خاندان کی جانب سے درج کرائی گئی درخواست کے مطابق ریحان کے بہنوئی ابوبکر نے تھانہ صدر ڈسکہ میں مؤقف اختیار کیا کہ ملزم کی ایماء پر مسلح افراد ان کے گھر آئے اور اہلِ خانہ کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔
درخواست میں مزید کہا گیا کہ اہلِ خانہ کو صلح نہ کرنے کی صورت میں جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئیں۔ ترجمان سیالکوٹ پولیس کے مطابق ابوبکر کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے مرکزی ملزم محمد انصر عرف مسٹر پتلو کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائیاں جاری ہیں۔