ایک دن، ایک پرواز، 2 طلوع آفتاب، حیران کن عالمی ریکارڈ

ایک دن، ایک پرواز، 2 طلوع آفتاب، حیران کن عالمی ریکارڈ

فضائی سفر کی دنیا میں ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم ہوگیا، ایئربس کے جدید طیارے نے مسلسل 24 گھنٹے اور 24 منٹ پرواز کرکے 23 ہزار 155 کلومیٹر کا فاصلہ بغیر کسی وقفے کے طے کرلیا۔

طیارہ ساز کمپنی ایئربس نے تصدیق کی ہے کہ اس کے الٹرا لانگ رینج طیارے اے 350، 1000 نے پراجیکٹ سن رائز کے تحت یہ تاریخی پرواز مکمل کی، جسے گنیز ورلڈ ریکارڈ میں بھی شامل کرلیا گیا ہے۔

27 جولائی 2026 کو یہ طیارہ آسٹریلیا کے شہر میلبورن سے فرانس کے شہر ٹولوز کے لیے روانہ ہوا۔ اس دوران اس نے بحرالکاہل اور بحر اوقیانوس عبور کرتے ہوئے آسٹریلیا، شمالی امریکا اور یورپ کا فاصلہ طے کیا۔

یہ بھی پڑھیں:جی ٹی اے 6 کے دیوانے پائلٹ نے آسمان کو کینوس بنا لیا

اس طویل پرواز کا ایک دلچسپ پہلو یہ بھی تھا کہ طیارے میں سوار افراد نے دو مرتبہ سورج کو غروب ہوتے اور دو مرتبہ طلوع ہوتے دیکھا۔ پرواز میں مجموعی طور پر 13 افراد سوار تھے، جن میں ایئربس کے ٹیسٹ پائلٹس اور انجینئرز، کنٹاس ایئرلائن کے دو پائلٹس، ایک ڈیزائن انجینئر اور انٹرنیشنل ایئروناٹیکل فیڈریشن کا نمائندہ شامل تھا۔

یہ کامیابی صرف طویل فاصلے تک پرواز کرنے کا ریکارڈ نہیں بلکہ جدید فضائی ٹیکنالوجی، ایندھن کے مؤثر استعمال، طیاروں کی انجینئرنگ اور طویل پروازوں کی منصوبہ بندی میں پیش رفت کی بھی عکاسی کرتی ہے۔

ایئربس کے مطابق اس طیارے کی پہلی ڈیلیوری اپریل 2027 میں متوقع ہے، جبکہ اسی سال کے اختتام تک اس کے تجارتی آپریشنز شروع کرنے کا منصوبہ ہے۔

editor

Related Articles