تربیلا ڈیم سے دریائے سندھ میں مزید اضافی پانی چھوڑے جانے کے امکان کے پیش نظر آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران دریائے سندھ میں پانی کے بہاؤ میں مزید اضافے کی توقع ہے جس کے باعث اٹک اور ہری پور کے اضلاع میں الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے دریائے سندھ کے قریبی علاقوں میں رہائش پذیر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور اپنے مال مویشی فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
تربیلا ڈیم سے گزشتہ شام دریائے سندھ میں ڈیڑھ لاکھ کیوسک پانی چھوڑنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا، جبکہ آج رات مزید اضافی پانی چھوڑے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ اٹک نے دریائے سندھ کے قریب واقع چھچھ گاؤں کے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔ تحصیل حضرو کے مختلف علاقوں کے لیے بھی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق شہری ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر دریا کے قریب جانے سے گریز کریں اور اپنے مویشیوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کرلیں۔ حضرو انتظامیہ کی جانب سے مختلف مساجد میں اعلانات بھی کیے گئے ہیں تاکہ مقامی آبادی کو ممکنہ خطرے سے بروقت آگاہ کیا جاسکے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات یقینی بنائے جاسکیں۔
مشیر آبپاشی کے مطابق دریائے سندھ میں ہنڈ کے مقام پر پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 33 ہزار 737 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح کم کرکے ایک ہزار 490 فٹ تک لائی جا رہی ہے۔ ڈیم میں پانی کی سطح کم کرنے کا عمل آج دوپہر 12 بجے تک مکمل ہونے کا امکان ہے۔ آئندہ 24 گھنٹوں میں دریائے سندھ کے بہاؤ میں اضافے کے خدشے کے باعث متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور مقامی حکام کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
دوسری جانب تربیلا ڈیم کے توسیعی پن بجلی منصوبے پر پیش آنے والے حادثے کی تفصیلات بھی سامنے آئی ہیں۔ منصوبے کی کنکٹنگ ٹنل کی کھدائی کے دوران چٹان کا ایک کمزور حصہ اچانک گر گیا تھا، جس کے باعث پانی ٹنل اور پاور ہاؤس میں داخل ہوگیا۔ واقعے کے بعد تعمیراتی منصوبے پر کام فوری طور پر روک دیا گیا تھا۔
ترجمان واپڈا کے مطابق ان ٹیک پٹ سے پانی مکمل طور پر نکال لیا گیا ہے، جبکہ منصوبے کی مین ٹنل، زیر تعمیر پاور ہاؤس اور سوئچ یارڈ کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ حادثے کے وقت منصوبے پر کام کرنے والے تمام مقامی اور غیر ملکی ورکرز کو بحفاظت نکال لیا گیا۔
ترجمان واپڈا نے تربیلا ڈیم کی ٹنل نمبر پانچ منہدم ہونے سے متعلق اطلاعات کو غلط قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ پیش آنے والا واقعہ توسیعی پن بجلی منصوبے کی کنکٹنگ ٹنل کی کھدائی کے دوران چٹان کا کمزور حصہ گرنے سے پیش آیا تھا۔ حادثے کے بعد حفاظتی اقدامات کے تحت توسیعی منصوبے پر کام روک دیا گیا ہے۔
حکام کی جانب سے ڈیم میں پانی کی سطح کم کرنے اور دریائے سندھ میں پانی کے اخراج کے انتظامات کے ساتھ ساتھ نشیبی اور دریا کے قریبی علاقوں کی صورتحال پر بھی نظر رکھی جا رہی ہے، جبکہ اٹک اور حضرو کی انتظامیہ نے مقامی آبادی کو ممکنہ خطرے سے محفوظ رکھنے کے لیے احتیاطی اقدامات شروع کردیے ہیں۔