پاکستان میں سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس شروع کرنے کے لیے عالمی کمپنیوں کی دلچسپی بڑھنے لگی ہے۔ اسٹارلنک سمیت 6 کمپنیاں سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) میں رجسٹرڈ ہوچکی ہیں، تاہم صارفین کو ابھی انٹرنیٹ سروس کے آغاز کے لیے مزید انتظار کرنا ہوگا۔
میڈیا تفصیلات کے مطابق پاکستان اسپیس ایکٹیویٹیز ریگولیٹری بورڈ (پی ایس اے آر بی) کے قیام کے بعد چار نئی سیٹلائٹ انٹرنیٹ کمپنیوں نے پاکستان میں رجسٹریشن کرائی ہے۔
رجسٹرڈ کمپنیوں میں ایتھر ون، فلیناوٹکس، گلیکسی اسپیس اور اسپیس پی شامل ہیں، جبکہ اسٹارلنک اور اسپیس سیل پاکستان بھی پہلے ہی مقامی کمپنیوں کے طور پر رجسٹرڈ ہیں۔
ایس ای سی پی نے ان کمپنیوں کی رجسٹریشن سے متعلق رپورٹ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی میں پیش کردی ہے۔ یہ تفصیلات کمیٹی کے چیئرمین رانا محمود الحسن کی جانب سے لکھے گئے خط کے جواب میں فراہم کی گئیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق صرف ایس ای سی پی میں کمپنی کی رجسٹریشن سے پاکستان میں سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے کی اجازت نہیں ملتی۔ اس کے لیے پاکستان اسپیس ایکٹیویٹیز ریگولیٹری بورڈ سے این او سی حاصل کرنا بھی ضروری ہے۔
ایس ای سی پی کے مطابق اب تک صرف اسپیس پی نے پی ایس اے آر بی کا این او سی جمع کرایا ہے، جبکہ دیگر پانچ کمپنیوں نے یہ اجازت نامہ پیش نہیں کیا۔
میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وزارت داخلہ کی جانب سے غیر ملکی ڈائریکٹرز اور شیئر ہولڈرز کی سیکیورٹی کلیئرنس مکمل نہ ہونے کے باعث بھی رجسٹریشن کے بعد کا عمل آگے نہیں بڑھ سکا۔
اسٹارلنک، گلیکسی اسپیس اور اسپیس سیل پاکستان کے غیر ملکی ڈائریکٹرز اور شیئر ہولڈرز کی سیکیورٹی کلیئرنس تاحال زیر التوا ہے۔
حکام کے مطابق وزارت داخلہ کی سیکیورٹی کلیئرنس اور پی ایس اے آر بی کا این او سی ملنے کے بعد پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) متعلقہ کمپنیوں کو لائسنس جاری کرے گی۔اس طرح تمام قانونی، ریگولیٹری اور سیکیورٹی تقاضے پورے ہونے کے بعد ہی پاکستان میں سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروسز کا باقاعدہ آغاز ممکن ہوگا۔