بھارت میں ایپل کمپنی کے آئی فون کے پرزے تیار کرنے والی ’ٹاٹا الیکٹرونکس‘ فیکٹری میں پانی کی ٹینکی کی مرمت کے دوران 3 کنٹریکٹ ملازمین دم گھٹنے سے ہلاک ہو گئے ہیں۔
عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ بھارتی ریاست تامل ناڈو کے شہر ہوسور میں واقع ’ٹاٹا الیکٹرونکس‘ کی مرکزی فیکٹری میں پیش آیا، جہاں فیکٹری میں قائم پانی کی زیرِ زمین ٹینکی کی صفائی اور مرمت کا کام جاری تھا۔
کام کے دوران زہریلی گیس یا آکسیجن کی کمی کے باعث وہاں موجود 3 کنٹریکٹ مزدوروں کا دم گھٹ گیا، جس کے نتیجے میں تینوں مواقع پر ہی دم توڑ گئے۔
یہ بھی پڑھیں:ایپل اور گوگل کے ایپ اسٹورز پر 400 سے زائد خطرناک اے آئی ایپس کا انکشاف
واقعے کے فوری بعد علاقے میں سنسنی پھیل گئی اور صنعتی تحفظ کے معیار پر سنگین سوالات اٹھائے جانے لگے۔ تاہم اس تمام تر صورتحال کے باوجود ’ٹاٹا الیکٹرونکس‘ انتظامیہ کی جانب سے روایتی خاموشی اختیار کی گئی ہے اور عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کی طرف سے واقعے پر مؤقف جاننے کے لیے بھیجی گئی درخواست کا اب تک کوئی جواب نہیں دیا گیا۔
حکومتی ایکشن اور سابقہ حادثات کا تسلسل
اس حادثے پر ریاست تامل ناڈو کی وزیرِ صنعت ویردھائی مگال کیرتھنا نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہر کارکن کی حفاظتی تدابیر اور ان کی عزتِ نفس اولین ترجیح ہونی چاہیے۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کی مکمل اور شفاف تحقیقات کروائی جائیں گی اور سامنے آنے والے نتائج کی روشنی میں ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
یاد رہے کہ ’ٹاٹا الیکٹرونکس‘ کی ہوسور فیکٹری میں یہ کوئی پہلا بڑا حادثہ نہیں ہے۔ رائٹرز کی پورٹ کے مطابق ستمبر 2024 میں بھی اسی فیکٹری کے کیمیکل سٹوریج والے حصے میں اچانک خوفناک آگ بھڑک اٹھی تھی، جس کے نتیجے میں زہریلے دھویں اور جھلسنے کے باعث 10 ملازمین کو شدید تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کرنا پڑا تھا اور کئی دنوں کے لیے فیکٹری کی تمام پیداواری سرگرمیاں معطل کر دی گئی تھیں۔
ماحولیاتی آلودگی کے الزامات اور تحقیقات


