دنیا کے سرد ترین علاقوں میں سردیوں کے موسم میں قدرت کا ایک ایسا حیرت انگیز منظر دیکھنے کو ملتا ہے جسے دیکھ کر لوگ دنگ رہ جاتے ہیں۔ دریاؤں اور ندیوں کی سطح پر برف کے بڑے بڑے گول دائرے خود بخود بننے لگتے ہیں اور پانی کے ساتھ آہستہ آہستہ گھومتے رہتے ہیں۔ ان عجیب و غریب برفیلی ساختوں کو آئس ڈسکس کہا جاتا ہے۔
یہ نایاب قدرتی مظہر عموماً کینیڈا، روس، اسکینڈینیویا اور امریکا کے شمالی علاقوں میں سردیوں کے دوران دیکھا جاتا ہے۔
ان برفیلی ڈسکس کا سائز چند انچ سے لے کر کئی سو فٹ تک ہوسکتا ہے۔ امریکا کی ریاست مین کے شہر ویسٹ بروک میں دریائے پریسمپسکاٹ پر 2019 اور 2022 کے دوران ایسی دیوہیکل برفیلی ڈسکس دیکھی گئیں، جن کا قطر تقریباً 300 فٹ سے زیادہ تھا۔ پانی کے درمیان گھومتی یہ برف کسی دیوہیکل سیٹلائٹ کا منظر پیش کر رہی تھی۔
ایک زمانے میں لوگ اس غیر معمولی منظر کو جادوئی عمل یا خلائی مخلوق سے جوڑتے تھے، لیکن سائنسدانوں نے اس کے پیچھے چھپا قدرتی راز دریافت کرلیا ہے۔
ماہرین کے مطابق جب شدید سردی کے باعث دریا کا پانی نقطہ انجماد کے قریب پہنچتا ہے تو دریا کے بعض حصوں، خصوصاً موڑوں پر، پانی کا ایک بھنور بن سکتا ہے۔ اس بھنور میں برف کا ایک ٹکڑا پھنس کر گھومنے لگتا ہے۔
گھومتے ہوئے یہ ٹکڑا اردگرد موجود برف سے ٹکراتا رہتا ہے، جس سے اس کے نوکیلے اور کھردرے کنارے آہستہ آہستہ گھس کر ہموار ہوجاتے ہیں اور یوں ایک تقریباً مکمل گول برفیلی ڈسک بن جاتی ہے۔
2016 کی ایک سائنسی تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا کہ اس عمل میں صرف پانی کا بہاؤ ہی اہم نہیں بلکہ درجہ حرارت میں تبدیلی بھی کردار ادا کرتی ہے۔ جب برفیلی ڈسک کے نیچے موجود برف پگھلتی ہے تو پانی کی عمودی گردش پیدا ہوسکتی ہے، جو ڈسک کو اپنے محور کے گرد گھومنے میں مدد دیتی ہے۔
یوں قدرتی طور پر بننے والے یہ برفیلی دائرے کسی جادو کا نتیجہ نہیں بلکہ پانی کے بہاؤ، درجہ حرارت اور برف کے درمیان ہونے والے ایک دلچسپ سائنسی عمل کا نتیجہ ہیں۔