پیٹرول اور ڈیزل کتنا سستا؟ حکومت اور جماعت اسلامی میں آج فیصلہ کن مذاکرات

پیٹرول اور ڈیزل کتنا سستا؟ حکومت اور جماعت اسلامی میں آج فیصلہ کن مذاکرات

نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ حکومت اور جماعت اسلامی کی سب کمیٹی کے درمیان مذاکرات کا آج حتمی دور ہوگا، جس میں عوام کو مہنگائی سے ریلیف دینے اور معاشی مشکلات کم کرنے سے متعلق اہم امور زیر بحث آئیں گے۔ اجلاس ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی میزبانی میں وزارت خارجہ کے کمیٹی روم میں منعقد ہوگا۔

لیاقت بلوچ کے مطابق حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات کا یہ فائنل راؤنڈ اہمیت کا حامل ہے، جماعت اسلامی کی جانب سے عوام کو درپیش معاشی مشکلات کے حل اور فوری ریلیف کے لیے اپنا مؤقف پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ پیٹرولیم لیوی میں کمی اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ مہنگے پیٹرولیم مصنوعات، بجلی اور گیس کی قیمتوں نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، جبکہ مختلف ٹیکسوں کا بڑھتا ہوا بوجھ بھی عام شہریوں کی برداشت سے باہر ہو چکا ہے۔ مہنگائی اور یوٹیلیٹی بلوں نے متوسط اور کم آمدنی والے طبقے کو شدید مشکلات سے دوچار کردیا ہے، حکومت کو عوام کی معاشی مشکلات کا احساس کرتے ہوئے فوری اقدامات کرنا ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم شہباز شریف آج ترکیہ روانہ ہوں گے، ترک قیادت سے اہم ملاقاتیں بھی متوقع

نائب امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی اور گیس کی درآمد کے شعبے میں موجود مافیا کا خاتمہ ناگزیر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تیل پر لیوی اور گیس کی درآمد کے نظام میں مافیا کے اثر و رسوخ کو ختم کرکے ہی معیشت کا پہیہ مؤثر انداز میں چلایا جاسکتا ہے اور عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جاسکتا ہے۔

لیاقت بلوچ نے سرکاری محکموں میں بدعنوانی کو بھی قومی معیشت کے لیے بڑا مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سرکاری اداروں میں کرپشن کا کینسر ملکی معیشت کے لیے بڑا روگ بن چکا ہے۔ بدعنوانی کے خاتمے اور معاشی نظام میں شفافیت کے بغیر پائیدار اقتصادی بہتری ممکن نہیں۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ جماعت اسلامی کی جانب سے عوام کو ریلیف دلانے کے لیے جاری جدوجہد کامیابی سے ہمکنار ہوگی اور حکومت مذاکرات میں عوامی مطالبات کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے عملی اقدامات کرے گی۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles