پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے فٹبال کے میدان سے باہر تفریحی دنیا میں بھی قدم رکھ دیا ہے۔ انہوں نے اپنی پہلی ٹی وی سیریزڈے فرسٹ کی پروڈکشن شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
رونالڈو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اس منصوبے کی خبر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی پہلی ٹی وی سیریز کی تیاری شروع ہوچکی ہے، جبکہ اس حوالے سے مزید تفصیلات جلد سامنے آئیں گی۔
یہ بھی پڑھیں:جیمز اینڈرسن بھی بابراعظم کے مداح نکلے ! پسندیدہ پاکستانی کرکٹر قرار دیدیا
ڈے فرسٹ فٹبال کی دنیا پر مبنی ایک ڈرامہ سیریز ہے، جس میں ایک بڑی فٹبال ایجنسی کے کاروباری معاملات، طاقت کی کشمکش، کھلاڑیوں کے معاہدوں اور باہمی تعلقات کو کہانی کا حصہ بنایا جائے گا۔
سیریز میں معروف برطانوی اداکار ڈیمین لیوس فٹبال ایجنٹ اسٹینلے ڈالٹن کا کردار ادا کریں گے۔ اس منصوبے سے سابق فرانسیسی فٹبالر تھیری ہنری اور برطانوی ریپر ڈیو بھی وابستہ ہیں۔ توقع ہے کہ تھیری ہنری سیریز میں مختصر کردار ادا کریں گے۔
یہ منصوبہ کرسٹیانو رونالڈو اور برطانوی فلم ساز میتھیو وان کی مشترکہ پروڈکشن کمپنی کے تحت تیار کیا جارہا ہے، جس کا آغاز 2025 میں کیا گیا تھا۔
رونالڈو اس سیریز کے ایگزیکٹو پروڈیوسر ہیں اور اطلاعات کے مطابق وہ پہلی مرتبہ کسی اسکرپٹڈ ڈرامے میں اداکاری بھی کرسکتے ہیں۔
یوں فٹبال کی دنیا میں اپنی پہچان بنانے والے رونالڈو اب ٹی وی انٹرٹینمنٹ کی دنیا میں بھی اپنی صلاحیتیں آزمانے جارہے ہیں۔


