رمشا خان کے شوبز چھوڑنے کی اصل وجہ سامنے آگئی، خوشحال خان کا اہم بیان

رمشا خان کے شوبز چھوڑنے کی اصل وجہ سامنے آگئی، خوشحال خان کا اہم بیان

پاکستانی اداکار خوشحال خان نے اپنی اہلیہ اور اداکارہ رمشا خان کے شوبز انڈسٹری اور سوشل میڈیا سے دور ہونے کے فیصلے پر وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاملے میں ان کا کوئی دباؤ شامل نہیں تھا بلکہ رمشا نے یہ فیصلہ اپنی مرضی سے کیا۔

حال ہی میں خوشحال خان نے میزبان حسن چوہدری کے پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی ازدواجی زندگی اور رمشا خان کے مستقبل سے متعلق گفتگو کی۔

اداکار کا کہنا تھا کہ وہ کسی دوسرے شخص کی زندگی کے فیصلوں پر اختیار جتانے کے حق میں نہیں ہیں۔ انہوں نے ان خبروں اور قیاس آرائیوں کو بھی مسترد کردیا کہ انہوں نے رمشا خان کو اداکاری چھوڑنے پر مجبور کیا ہے۔

خوشحال خان کے مطابق رمشا نے خود شوبز سرگرمیوں سے دور رہنے کا فیصلہ کیا تھا اور وہ اپنے اس فیصلے پر پوری طرح پُرعزم تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایک موقع پر انہوں نے رمشا سے پوچھا بھی تھا کہ کیا وہ واقعی اپنے فیصلے کے بارے میں سنجیدہ ہیں؟ جس پر رمشا نے واضح کیا کہ وہ اپنا ارادہ تبدیل نہیں کرنا چاہتیں۔

یہ بھی پڑھیں:منت میں شاہ رخ خان کی نہیں چلتی، گوری خان کے فیصلوں کا انکشاف

اداکار نے دلچسپ انداز میں بتایا کہ رمشا نے انہیں مذاق میں یہ بھی خبردار کیا تھا کہ وہ ان کے فیصلے پر سوال نہ اٹھائیں۔

خوشحال خان نے اس تاثر کو بھی غلط قرار دیا کہ ان کے پشتون خاندانی پس منظر کی وجہ سے رمشا کے کیریئر پر پابندی لگائی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی والدہ، بھائی یا خاندان کے کسی دوسرے فرد پر بھی اپنی مرضی مسلط نہیں کرتے تو اہلیہ کے معاملے میں ایسا کیسے کرسکتے ہیں؟

انہوں نے مزید بتایا کہ رمشا نے سوشل میڈیا پر منفی تبصروں اور ناخوشگوار تجربات کے باعث اس پلیٹ فارم سے دوری اختیار کی، کیونکہ اب انہیں وہاں پہلے جیسا سکون محسوس نہیں ہوتا تھا۔

واضح رہے کہ خوشحال خان اور رمشا خان کی شادی کے بعد اداکارہ کی سوشل میڈیا سے غیر فعالیت اور شوبز سرگرمیوں میں کمی نے سوشل میڈیا پر کئی سوالات کو جنم دیا تھا۔ بعض صارفین نے یہ قیاس آرائیاں بھی کی تھیں کہ شاید خوشحال خان نے انہیں اداکاری جاری رکھنے سے روک دیا ہے۔

تاہم خوشحال خان نے اپنی حالیہ گفتگو میں ان تمام قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ رمشا کا شوبز اور سوشل میڈیا سے دور ہونے کا فیصلہ مکمل طور پر ان کا ذاتی انتخاب تھا۔

editor

Related Articles