ضیا الرحمن جواب دو۔۔۔!! کاغذوں میں پورے گھر کا خرچ 40 ہزار روپے ماہانہ، مگر لندن کے مے فیئر اور بارسلونا کے فائیو اسٹار ہوٹلوں میں کروڑوں کے بل کس نے دیے؟

ضیا الرحمن جواب دو۔۔۔!! کاغذوں میں پورے گھر کا خرچ 40 ہزار روپے ماہانہ، مگر لندن کے مے فیئر اور بارسلونا کے فائیو اسٹار ہوٹلوں میں کروڑوں کے بل کس نے دیے؟

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے بھائی ضیاء الرحمان کے 2025 کے ٹیکس گوشوارے میں ذاتی اخراجات سے متعلق اہم تفصیلات سامنے آئی ہیں۔

 ٹیکس ریکارڈ کے اعدادوشمار کے مطابق ضیاء الرحمان نے 2025 میں اپنے پورے سال کے ذاتی اخراجات صرف 4 لاکھ 80 ہزار روپے ظاہر کیے، جو ماہانہ اوسطاً 40 ہزار روپے بنتے ہیں۔ 

دوسری جانب ان کے لندن اور بارسلونا کے دورے کے دوران ایک کروڑ 20 لاکھ روپے کے مبینہ اخراجات کا سوال بھی اٹھایا گیا ہے، جس کے باعث ظاہر کردہ ذاتی اخراجات اور غیر ملکی دورے پر آنے والی مبینہ لاگت کے درمیان نمایاں فرق کی وضاحت ضروری ہوگئی ہے۔

ذرائع  کے مطابق ضیاء الرحمان نے 2024 کے ٹیکس گوشوارے میں اپنے سالانہ ذاتی اخراجات 9 لاکھ 60 ہزار روپے ظاہر کیے تھے، جو ماہانہ 80 ہزار روپے بنتے ہیں۔ تاہم 2025 کے گوشوارے میں یہی اخراجات کم ہوکر 4 لاکھ 80 ہزار روپے رہ گئے۔ اس طرح ایک سال کے دوران ان کے ظاہر کردہ ذاتی اخراجات میں 4 لاکھ 80 ہزار روپے، یعنی 50 فیصد کمی سامنے آئی ہے۔

ان اعدادوشمار سے اہم سوال پیدا ہوتا ہے کہ ضیاء الرحمان کے ذاتی اخراجات میں محض ایک سال کے دوران اتنی نمایاں کمی کس وجہ سے ہوئی؟ کیا ان کے رہن سہن اور روزمرہ کے اخراجات میں واقعی کمی آئی یا ان کے بعض اخراجات کسی دوسرے ذریعے سے پورے کیے گئے؟

دوسری جانب ذرائع کے مطابق   ضیاء الرحمان کے 27 اکتوبر سے 13 نومبر تک لندن اور اسپین کے شہر بارسلونا کے دورے کا ذکر بھی کیا گیا ہے۔ اس دورے کے دوران لندن کے مہنگے علاقے مے فیئر اور بارسلونا کے فائیو اسٹار ہوٹلوں میں قیام اور دیگر اخراجات کی مجموعی رقم ایک کروڑ 20 لاکھ روپے بتائی جاتی ہے۔ 

ایک اور اہم سوال یہ بھی ہے کہ آیا لندن اور بارسلونا کے دورے پر آنے والے اخراجات ضیاء الرحمان نے ذاتی طور پر ادا کیے، کسی دوسرے فرد یا ادارے نے ان کی ادائیگی کی یا دورے کے اخراجات کسی اور مالی انتظام کے تحت پورے ہوئے؟

اسی طرح یہ سوال بھی پیدا ہوتا ہے کہ سال 2025 کے ٹیکس گوشوارے میں ظاہر کردہ 4 لاکھ 80 ہزار روپے کے ذاتی اخراجات میں کون کون سے اخراجات شامل ہیں اور آیا بیرونِ ملک سفر، رہائش اور دیگر مدات اس رقم کا حصہ تھیں یا نہیں۔

ضیاء الرحمان کے 2024 اور 2025 کے ظاہر کردہ ذاتی اخراجات میں 50 فیصد کمی ایک قابلِ توجہ مالی تبدیلی ہے، جبکہ لندن اور بارسلونا کے دورے پر ایک کروڑ 20 لاکھ روپے خرچ ہونے کا دعویٰ الگ تصدیق کا متقاضی ہے۔

Related Articles