بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کی انٹیلی جنس بنیادوں پر جاری کارروائیوں کے دوران فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے خودکش بمبار سمیت 8 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
دہشت گردوں کی جانب سے فوجی گاڑیوں پر مسلح کواڈ کاپٹرز کے ذریعے کیے گئے حملے میں پاک فوج کے ایک میجر اور حوالدار نے جام شہادت نوش کیا۔
ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز 13 نومبر 2026 سے بلوچستان کے علاقوں کولپور، کردگاپ اور نوشکی میں متعدد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کر رہی ہیں۔ ان کارروائیوں کے دوران کوئٹہ تفتان قومی شاہراہ (این 40) پر علاقے کا کنٹرول برقرار رکھنے اور گشت کا سلسلہ بھی جاری ہے تاکہ مقامی ٹریفک کی محفوظ آمدورفت یقینی بنائی جاسکے اور دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز بلا تعطل جاری رہیں۔
13 اور 14 نومبر کی درمیانی شب کولپور کے علاقے میں سیکیورٹی فورسز نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 8 مبینہ بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک خودکش بمبار بھی شامل تھا، جبکہ کارروائی کے دوران اسلحے اور گولہ بارود کا بڑا ذخیرہ برآمد کیا گیا۔
14 نومبر کو فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے گشت پر مامور فوجی گاڑیوں کو مسلح کواڈ کاپٹرز کے ذریعے نشانہ بنایا۔ اس حملے میں ضلع چکوال سے تعلق رکھنے والے میجر عمر منہاس ناصر اور کوٹلی ستیاں کے رہائشی حوالدار محمد عدنان خان شہید ہوگئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کے اس حملے کے باوجود سیکیورٹی فورسز کے عزم میں کوئی کمی نہیں آئی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں پوری شدت سے جاری رکھی جائیں گی۔ کولپور، کردگاپ اور نوشکی سمیت متعلقہ علاقوں میں کلیئرنس آپریشنز اس وقت تک جاری رہیں گے جب تک دہشت گردی کے خطرات مکمل طور پر ختم نہیں ہوجاتے۔
ذرائع کے مطابق بھارت اور دیگر دشمن انٹیلی جنس ایجنسیوں کی پشت پناہی سے فتنہ الہندوستان کے دہشت گرد شہریوں اور سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کے لیے ڈرونز، دیسی ساختہ دھماکہ خیز آلات (آئی ای ڈیز) اور دیگر جدید تکنیکی ذرائع استعمال کر رہے ہیں۔ ان کارروائیوں کا مقصد علاقے میں امن و امان کی بحالی اور معمولات زندگی برقرار رکھنے کے لیے حکومتی اور سیکیورٹی اداروں کی کوششوں کو نقصان پہنچانا ہے۔
ذرائع کے مطابق بھارت فتنہ الہندوستان کو مالی معاونت اور جدید تکنیکی آلات فراہم کر رہا ہے۔ تاہم سیکیورٹی فورسز دہشت گردوں کی جانب سے استعمال کیے جانے والے نئے طریقوں اور خطرات سے مکمل طور پر آگاہ ہیں اور انہیں کسی بھی صورت کارروائیوں کی گنجائش نہیں دی جائے گی۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کی وفاقی ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ وژن عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے خلاف جاری مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی۔ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں، جبکہ شہدا کی قربانیاں اس عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔
