پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے شہریوں کو بائیومیٹرک ڈیٹا کے ممکنہ غلط استعمال اور جعلسازی سے بچانے کے لیے اہم ہدایات جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ نئی سم کارڈ کے حصول یا دیگر ٹیلی کام سروسز کے دوران اپنی حساس معلومات صرف مجاز مراکز پر فراہم کی جائیں۔
پی ٹی اے کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق شہری نئی سم کارڈ حاصل کرتے وقت یا کسی بھی ٹیلی کام سروس کے لیے بائیومیٹرک تصدیق کرواتے ہوئے خصوصی احتیاط اختیار کریں۔ صارفین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے فنگر پرنٹس اور دیگر بائیومیٹرک معلومات صرف موبائل نیٹ ورک آپریٹرز کے مجاز کسٹمر سروس سینٹرز، فرنچائزز یا منظور شدہ سیلز آؤٹ لیٹس پر ہی فراہم کریں۔
اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ شہری فنگر پرنٹس دینے سے پہلے اس بات کی مکمل تصدیق کریں کہ ان کا بائیومیٹرک ڈیٹا کس مقصد کے لیے حاصل کیا جا رہا ہے۔ کسی بھی غیر مجاز شخص، دکاندار یا غیر متعلقہ فرد کو حساس معلومات فراہم کرنے سے گریز کیا جائے تاکہ ان کے ممکنہ غلط استعمال کو روکا جا سکے۔
پی ٹی اے نے شہریوں کو ایک اور دھوکہ دہی سے بھی خبردار کیا ہے جس میں جعلساز خود کو کوریئر کمپنیوں کا نمائندہ ظاہر کرکے شہریوں سے ون ٹائم پاس ورڈ (او ٹی پی) حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
اتھارٹی کے مطابق اس نوعیت کی جعلسازی میں نامعلوم افراد شہریوں کو فون کرکے پارسل یا شپمنٹ کی ڈیلیوری مکمل کرنے کا بہانہ بناتے ہیں اور اس دوران ان سے او ٹی پی یا دیگر خفیہ معلومات طلب کرتے ہیں۔
پی ٹی اے نے صارفین پر زور دیا ہے کہ وہ کسی بھی صورت اپنا او ٹی پی کسی دوسرے شخص کے ساتھ شیئر نہ کریں، خصوصاً ایسے نامعلوم افراد کے ساتھ جو خود کو کوریئر کمپنی یا کسی دوسرے ادارے کا نمائندہ ظاہر کرتے ہوں۔
اتھارٹی کے مطابق ان احتیاطی تدابیر کا مقصد شہریوں کی حساس معلومات کو محفوظ بنانا، بائیومیٹرک ڈیٹا کے غلط استعمال کو روکنا اور جعلسازی کے ممکنہ واقعات سے صارفین کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔
