خیبر پختونخوا کے اضلاع نوشہرہ اور کوہاٹ میں گزشتہ طویل عرصے سے قومی خزانے اور قدرتی وسائل کو بے دردی سے لوٹنے والے غیر قانونی گولڈ مائننگ مافیا کے خلاف پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے فیصلہ کن کریک ڈاؤن کرتے ہوئے متعدد علاقوں کو مافیا کے چنگل سے آزاد کروا لیا ہے۔
13 سال بعد قانون کی بالادستی کے اس عملی مظاہرے میں نہ صرف بااثر عناصر کا منظم نیٹ ورک توڑا گیا بلکہ ایک ہزار سے زائد ملزمان کو گرفتار کر کے اربوں روپے مالیت کی بھاری مشینری اور ایندھن بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نوشہرہ کے نواحی علاقے جبی نظام پور اور کوہاٹ کے علاقے گمبٹ میں دریائی گزرگاہوں سے سونا نکالنے کا غیر قانونی دھندہ ایک باقاعدہ جرائم پیشہ مافیا کی شکل اختیار کر چکا تھا۔ مقامی ذرائع اور تحقیقات کے مطابق اس لوٹ مار کے پیچھے سیاسی اثر و رسوخ رکھنے والے بااثر عناصر کی پشت پناہی شامل تھی، جنہوں نے مقامی ماحول اور قدرتی وسائل کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچاتے ہوئے اپنا ایک مضبوط نیٹ ورک قائم کر رکھا تھا۔
پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے اس گٹھ جوڑ کو توڑنے کے لیے باقاعدہ انٹیلی جنس معلومات اکٹھی کیں اور تفصیلی تحقیقات کے بعد جبی نظام پور میں بڑے پیمانے پر کارروائی عمل میں لائی۔ اس بھرپور آپریشن کے نتیجے میں طویل عرصے سے مافیا کے تسلط میں رہنے والے جبی نظام پور کے علاقے کو غیر قانونی کان کنی کی سرگرمیوں سے مکمل طور پر کلیئر کروا لیا گیا ہے۔
نوشہرہ میں غیر قانونی گولڈ مائننگ کے خلاف جاری ان کارروائیوں کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بلاامتیاز کارروائی کرتے ہوئے مجموعی طور پر 939 مقدمات درج کیے، جبکہ ایک ہزار سے زائد ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
سال 2026 کے دوران ہونے والی ان کارروائیوں میں مافیا کے زیرِ استعمال بھاری مقدار میں سامان بھی ضبط کیا گیا، جس میں درج ذیل اشیاء شامل ہیں:
ایندھن اور آئل: 8 لاکھ 90 ہزار 924 لیٹر آئل، 519 کاٹن موبل آئل اور 15 آئل ٹینکرز بھاری مشینری و گاڑیاں: 76 ایکسکیویٹرز، 762 دیگر گاڑیاں اور دریا میں استعمال ہونے والی 15 کشتیاں دیگر سامان: کان کنی میں استعمال ہونے والی 866 متفرق اشیاء
دوسری جانب کوہاٹ کے علاقے گمبٹ میں بھی غیر قانونی پلیسر گولڈ مائننگ کے خلاف پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے 6 نومبر 2026 کو ایک تاریخی آپریشن کا آغاز کیا۔
اس کارروائی کی وسعت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ انتظامیہ نے علاقے سے مجموعی طور پر 15 ہزار 540 مشینری یونٹس ہٹا دیے، جن کے ذریعے شب و روز قدرتی وسائل کی لوٹ مار جاری تھی۔
ہٹائی گئی مشینری میں 8 ہزار 350 ٹریکٹر ٹرالیاں، 3 ہزار 660 ایکسکیویٹرز، 1 ہزار 730 ڈائنامو والی ٹریکٹر ٹرالیاں، 1 ہزار 600 ڈمپرز اور 200 ہیوی لوڈرز شامل ہیں۔
انتظامی و پولیس حکام کے مطابق ان بڑے پیمانے کی کارروائیوں کا بنیادی مقصد غیر قانونی کان کنی کا مکمل خاتمہ، ریاست کی رٹ اور قانون کی عملداری کو یقینی بنانا اور سرکاری و قدرتی وسائل کو محفوظ بنانا ہے۔
حکام نے واضح پیغام دیا ہے کہ اب کسی بھی فرد یا گروہ کو سیاسی اثر و رسوخ یا مقامی سرپرستی کی آڑ میں قانون ہاتھ میں لینے اور قومی وسائل لوٹنے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی۔
علاقہ مکینوں نے بھی مافیا کے خلاف اس بلاامتیاز کارروائی پر سکھ کا سانس لیا ہے، جبکہ انتظامیہ نے عزم ظاہر کیا ہے کہ غیر قانونی گولڈ مائننگ مافیا کے مکمل