وفاقی حکومت نے اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت بینکوں اور دیگر مالیاتی اداروں کے لیے نقد لین دین کی لازمی رپورٹنگ کی حد میں ایک کروڑ روپے کا اضافہ کرتے ہوئے اسے 2 کروڑ سے بڑھا کر 3 کروڑ روپے مقرر کردیا ہے، جس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وزارتِ خزانہ نے کرنسی ٹرانزیکشن رپورٹس (سی ٹی آر) کی حد میں تبدیلی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، جس کے تحت بینکوں اور دیگر متعلقہ مالیاتی اداروں کو اب 3 کروڑ روپے یا اس سے زائد کی نقد ٹرانزیکشنز کی اطلاع فنانشل مانیٹرنگ یونٹ (ایف ایم یو) کو دینا لازمی ہوگی۔
اس سے قبل نقد لین دین کی رپورٹنگ کی حد 2 کروڑ روپے مقرر تھی، تاہم نئے فیصلے کے بعد اس میں ایک کروڑ روپے کا اضافہ کردیا گیا ہے۔ نئی حد کا تعلق نقد لین دین کی لازمی رپورٹنگ سے ہے، نہ کہ بینکوں میں رقم جمع کرانے یا نکلوانے کی عمومی اجازت سے۔
وزارتِ خزانہ کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق اس اہم تبدیلی کی منظوری نیشنل ایگزیکٹو کمیٹی برائے اینٹی منی لانڈرنگ و انسدادِ دہشت گردی فنانسنگ نے دی ہے، جس کے بعد متعلقہ مالیاتی اداروں کے لیے نئے ضوابط فوری طور پر نافذ کردیے گئے ہیں۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ نقد ٹرانزیکشنز کی رپورٹنگ کی حد میں تبدیلی حکومت کے اس فریم ورک کا حصہ ہے جس کے تحت مشکوک ٹرانزیکشن رپورٹس (ایس ٹی آرز) اور کرنسی ٹرانزیکشن رپورٹس (سی ٹی آرز) کا جائزہ اور تجزیہ کیا جاتا ہے۔
نئے ضوابط کے تحت بینکوں اور دیگر متعلقہ مالیاتی اداروں کی ذمہ داری ہوگی کہ وہ مقررہ حد یعنی 3 کروڑ روپے یا اس سے زائد کی نقد ٹرانزیکشنز کی رپورٹ فنانشل مانیٹرنگ یونٹ کو فراہم کریں۔
واضح رہے کہ کرنسی ٹرانزیکشن رپورٹنگ کی حد میں اضافے کا مطلب یہ نہیں کہ مشکوک مالیاتی سرگرمیوں کی رپورٹنگ ختم کردی گئی ہے۔ مشکوک ٹرانزیکشن رپورٹس اور نقد لین دین کی مقررہ حد کے تحت لازمی رپورٹنگ الگ نوعیت کے معاملات ہیں۔
وفاقی حکومت کے اس فیصلے کے بعد نقد لین دین کی رپورٹنگ کے لیے 3 کروڑ روپے کی نئی حد فوری طور پر مؤثر ہوگئی ہے، جبکہ متعلقہ مالیاتی اداروں کو وزارتِ خزانہ کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق عمل درآمد کرنا ہوگا۔