امریکی ریاست مشی گن میں ایک 61 سالہ خاتون کی قسمت اس وقت بدل گئی جب عام سی خریداری کے دوران خریدا گیا لاٹری ٹکٹ ان کے لیے 10 لاکھ ڈالر کی خوشخبری لے آیا۔
مشی گن لاٹری حکام کے مطابق ہیزل پارک کی رہائشی الیسا مور نے 19 اکتوبر کی پاور بال قرعہ اندازی کے لیے رائل اوک کے علاقے میں ایسٹ 12 مائل روڈ پر واقع کروگر اسٹور سے ٹکٹ خریدا تھا۔
الیسا مور نے بتایا کہ وہ گروسری کی خریداری مکمل کرنے کے بعد گھر واپس جا رہی تھیں کہ اچانک لاٹری کیوسک سے پاور بال کا ایک ٹکٹ خریدنے کا خیال آیا۔ اگلے روز انہوں نے مشی گن لاٹری کی موبائل ایپ کے ذریعے ٹکٹ اسکین کیا تو اسکرین پر 10 لاکھ ڈالر کا انعام دیکھ کر دنگ رہ گئیں۔
خاتون کے مطابق انہیں اپنی آنکھوں پر یقین نہیں آیا، اس لیے انہوں نے انعام کی تصدیق کے لیے ٹکٹ کو دوبارہ اسکین کیا، لیکن نتیجہ وہی تھا۔ انہوں نے تیسری مرتبہ بھی ٹکٹ چیک کیا تاکہ یقین ہو جائے کہ واقعی وہ 10 لاکھ ڈالر جیت چکی ہیں۔
لاٹری حکام کے مطابق الیسا مور کے ٹکٹ پر پانچوں سفید گیندوں کے نمبرز درست نکلے تھے۔ یہ نمبرز 08، 31، 32، 42 اور 48 تھے۔ خاتون نے بتایا کہ وہ جیتی ہوئی رقم سے اپنے گھر کا رہائشی قرض ادا کریں گی جبکہ باقی رقم مستقبل کے لیے محفوظ رکھیں گی۔