اگر آپ کو ویڈیو گیمز کھیلنے کا شوق ہے تو یہ خبر آپ کو حیران کر سکتی ہے۔ امریکا کی ایک کمپنی نے مشہور ویڈیو گیم گرینڈ تھفٹ آٹو6 کھیلنے اور اس کی ورچوئل معیشت کا جائزہ لینے کے لیے ایک دلچسپ ملازمت پیش کی ہے، جس کے لیے امیدوار کو ایک لاکھ 20 ہزار ڈالر تک تنخواہ دی جا سکتی ہے۔
پاکستانی روپے میں یہ رقم تقریباً 3 کروڑ 32 لاکھ روپے بنتی ہے، جبکہ کام مکمل کرنے پر مزید 15 ہزار ڈالر کا بونس بھی دیا جائے گا۔ یہ ملازمت پیش گوئیوں کے پلیٹ فارم کلشیKalshi کی جانب سے دی گئی ہے۔ کمپنی نے اپنے اشتہار میں اس عہدے کوجی ٹی اے6 ریسرچر کا نام دیا ہے۔ یہ گھر بیٹھ کر کام کرنے والی ملازمت ہے، تاہم اس کے لیے امیدوار کو گیم کی ریلیز کے وقت سے ہی کام شروع کرنا ہوگا۔
ملازمت میں کیا کرنا ہوگا؟
منتخب امیدوار کو 19 نومبر کو گیم ریلیز ہوتے ہی رات 12 بجے سے اسے کھیلنا شروع کرنا ہوگا اور کہانی مکمل ہونے تک اپنی گیمنگ لائیو اسٹریم جاری رکھنی ہوگی۔ یہ اسٹریم یوٹیوب یا ٹوئچ پر نشر کرنا ضروری ہوگا، جبکہ دورانِ کھیل کیمرہ بھی آن رکھنا ہوگا۔
صرف گیم کھیلنا ہی کافی نہیں ہوگا، بلکہ امیدوار کو گیم کی فرضی ریاست لیونائیڈا کی معیشت کا جائزہ لے کر ہر ہفتے تحقیقی رپورٹس بھی تیار کرنا ہوں گی۔
اس کے علاوہ گیم میں پیسہ کمانے کے بہترین طریقے تلاش کرنا، لیونائیڈا کی معیشت سے متعلق خصوصی خطاب کرنا اور یہ بھی جانچنا ہوگا کہ گیم کی ریلیز کے دوران حقیقی دنیا میں کتنے لوگوں نے چھٹی کی، کھانے کی ڈیلیوری میں کتنا اضافہ ہوا اور کام کی مجموعی پیداواریت پر کیا اثر پڑا۔
کون درخواست دے سکتا ہے؟
اس ملازمت کے لیے امیدوار کی عمر کم از کم 18 سال ہونا ضروری ہے۔ اس کے ساتھ کم از کم 10 سال کا گیمنگ تجربہ، 3 سال کی لائیو اسٹریم کا تجربہ، اپنا قائم شدہ آن لائن چینل اور ضروری آلات بھی ہونے چاہئیں۔
کمپنی کی تشہیری پوسٹس میں 100 انچ کا ٹی وی اور پلے اسٹیشن 5 یا ایکس باکس میں سے کسی ایک کے انتخاب جیسی سہولتوں کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔
تاہم یہ ملازمت امریکا کے لیے درج کی گئی ہے، اس لیے پاکستانی گیمرز کے لیے اس میں درخواست دینا ممکن ہونے کا امکان کم ہے۔ یہ پیشکش ظاہر کرتی ہے کہ جی ٹی اے6 کی مقبولیت کس حد تک بڑھ چکی ہے۔ گیم کی ریلیز سے پہلے ہی اس کی پری آرڈرز کی مالیت ایک ارب ڈالر سے تجاوز کرنے کی اطلاعات سامنے آ چکی ہیں۔