علاقائی تعاون افغانستان سے پھیلنے والی دہشتگردی کے خلاف مؤثر کارروائی سے مشروط، پاکستان نے ’ای سی او‘ اجلاس میں 5 نکاتی ترجیحی ایجنڈا پیش کردیا

علاقائی تعاون افغانستان سے پھیلنے والی دہشتگردی کے خلاف مؤثر کارروائی سے مشروط، پاکستان نے ’ای سی او‘ اجلاس میں 5 نکاتی ترجیحی ایجنڈا پیش کردیا

پاکستان نے علاقائی اقتصادی تعاون کو افغانستان میں پائیدار امن اور ہمسایہ ممالک سے پھیلنے والے سیکیورٹی خدشات، بالخصوص دہشتگردی کے خطرے سے نمٹنے کے لیے افغان حکام کی عملی کارروائی سے مشروط قرار دیتے ہوئے تجارت، علاقائی روابط اور معاشی ترقی کے لیے5  نکاتی ترجیحی ایجنڈا پیش کردیا ہے۔

اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے 30ویں وزرائے خارجہ اجلاس میں پاکستان نے تنظیم کی 2026-27 کی صدارت کے دوران علاقائی تعاون کو نئی جہت دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے، جبکہ اجلاس میں افغانستان کا کوئی نمائندہ شریک نہیں ہوا۔

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پیر کو اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم کے 30ویں وزرائے خارجہ اجلاس سے افتتاحی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک پرامن، خوشحال اور مستحکم افغانستان کا خواہاں ہے، تاہم علاقائی تعاون میں بامعنی پیشرفت کے لیے افغان حکام کو اپنے ہمسایہ ممالک کے جائز سیکیورٹی خدشات دور کرنا ہوں گے، خصوصاً دہشتگردی کے خطرے سے نمٹنے کے لیے مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایک ایسا افغانستان جو اندرونی طور پر مستحکم ہو، اپنے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ امن سے رہے اور اقتصادی تعاون تنظیم کے علاقائی ڈھانچے میں مکمل طور پر ضم ہو، نہ صرف افغان عوام بلکہ پورے خطے کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں:مکہ معاہدہ ترکیہ اور سعودی عرب سے ہمارے اشتراک کی علامت ، امن و خوشحالی کیلئے سفارتکاری سے تنازعات حل کیے جائیں، اسحاق ڈار

اسحاق ڈار کے مطابق مستحکم افغانستان سے تجارت، راہداریوں اور اقتصادی تعاون کے نئے امکانات پیدا ہوسکتے ہیں، تاہم ان مقاصد کا حصول خطے میں سلامتی کی صورتِ حال بہتر بنانے سے جڑا ہوا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ علاقائی اقتصادی شراکت داری کے تسلسل کے لیے محفوظ اور مستحکم ماحول بنیادی شرط ہے اور پاکستان کے وسیع تر علاقائی رابطوں کے منصوبوں میں بھی اس پہلو کو مرکزی اہمیت حاصل ہے۔

ای سی او اجلاس میں افغانستان کی عدم شرکت

اقتصادی تعاون تنظیم کے 30ویں وزرائے خارجہ اجلاس میں رکن ممالک کے اعلیٰ سطح کے وفود شرکت کے لیے اسلام آباد پہنچے، تاہم دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ وفود کی فہرست کے مطابق افغانستان کا کوئی نمائندہ اجلاس میں شریک نہیں ہوا۔

ای سی او کے 10 رکن ممالک میں پاکستان، افغانستان، آذربائیجان، تاجکستان، ایران، ترکیہ، قازقستان، ترکمانستان، کرغزستان اور ازبکستان شامل ہیں۔

افغانستان کی عدم شرکت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان نے اجلاس کے افتتاحی خطاب میں واضح کیا کہ علاقائی تعاون اور اقتصادی انضمام کے لیے ہمسایہ ممالک کے سیکیورٹی تحفظات کو دور کرنا ضروری ہے۔

اس صورتِ حال میں اجلاس کے دوران افغانستان سے متعلق پاکستان کا مؤقف علاقائی سلامتی اور اقتصادی تعاون کے باہمی تعلق کو نمایاں کرتا ہے۔

علاقائی رابطوں کے لیے اعتماد اور بین الاقوامی معاہدوں کی پاسداری ضروری

وزیر خارجہ نے کہا کہ علاقائی رابطوں کا تصور صرف سڑکوں، تجارتی راستوں اور ٹرانزٹ راہداریوں تک محدود نہیں ہوتا بلکہ اس کی بنیاد ریاستوں کے درمیان اعتماد اور بین الاقوامی وعدوں کی پاسداری پر ہوتی ہے۔

ان کے مطابق غیر حل شدہ تنازعات اور بین الاقوامی ذمہ داریوں کو پورا نہ کرنا ممالک کے درمیان اعتماد کو نقصان پہنچا سکتا ہے، جس کے نتیجے میں اقتصادی ترقی اور علاقائی تعاون کی کوششیں متاثر ہوتی ہیں۔

اسحاق ڈار نے بین الاقوامی قوانین اور معاہدوں کے احترام کو پائیدار اقتصادی شراکت داری کے لیے بنیادی اہمیت کا حامل قرار دیا۔

مزید پڑھیں:اسلام آباد علاقائی معاشی سفارتکاری کا مرکز،پاکستان کی میزبانی میں ای سی او وزرائے خارجہ کا اہم اجلاس آج سے شروع

انہوں نے کہا کہ پاکستان علاقائی تجارت اور روابط کے فروغ کے لیے ایسی فضا قائم کرنے کا خواہاں ہے جہاں رکن ممالک ایک دوسرے پر اعتماد کرسکیں اور تجارتی و اقتصادی وعدوں پر عمل درآمد یقینی بنایا جاسکے۔

پاکستان اس وقت 2026-27 کے لیے اقتصادی تعاون تنظیم کی صدارت کررہا ہے اور اسلام آباد میں جاری اجلاس کا مرکزی موضوع ‘لچکدار ای سی او کے لیے علاقائیت کا احیا‘ رکھا گیا ہے۔

پاکستان کی ای سی او صدارت کے لیے5  اہم ترجیحات کا اعلان

اسحاق ڈار نے پاکستان کی جانب سے اقتصادی تعاون تنظیم کی صدارت کے دوران5  بنیادی ترجیحات کا خاکہ پیش کیا، جن کا مقصد رکن ممالک کے درمیان اقتصادی روابط مضبوط بنانا اور خطے کی مجموعی ترقی کے امکانات سے فائدہ اٹھانا ہے۔

ان ترجیحات نمبر ایک تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافہ ہے جس کے تحت رکن ممالک کے درمیان تجارتی حجم بڑھانا، منڈیوں تک رسائی بہتر بنانا اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔

ایجنڈے میں شامل دوسرا آپشن علاقائی رابطوں کا فروغ ہے جس کے تحت جنوبی ایشیا، وسطی ایشیا اور بحیرہ عرب کے ساحلی علاقوں کو بہتر سڑکوں، ٹرانسپورٹ اور تجارتی راہداریوں کے ذریعے منسلک کرنا ہے۔

تیسرے نمبر پر ای سی او تجارتی معاہدے میں پیش رفت ہے، جس کے تحت  رکن ممالک کے درمیان تجارت کو آسان بنانے کے لیے موجودہ معاہدے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔

چوتھے نمبر پر علاقائی استحکام اور موسمیاتی تحفظ ہے، جس کے تحت قدرتی آفات سے نمٹنے، پیشگی اطلاع کے نظام، آبی وسائل کے پائیدار انتظام اور موسمیاتی تبدیلیوں سے محفوظ بنیادی ڈھانچے کی تیاری میں تعاون بڑھانا ہے۔

پانچویں اور آخری نمبر پر انسانی وسائل کی ترقی ہے، جس کے تحت تعلیم، تحقیق، جدت، فنی تربیت اور نوجوانوں کے لیے روزگار و کاروبار کے مواقع کو فروغ دینا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ خطے کے پاس قدرتی وسائل، توانائی کے ذخائر، زرعی صلاحیت اور جغرافیائی اہمیت کی صورت میں اقتصادی ترقی کے وسیع مواقع موجود ہیں، لیکن ان سے حقیقی فائدہ اٹھانے کے لیے مؤثر ٹرانسپورٹ راہداریوں، آسان سرحدی طریقہ کار اور قابلِ اعتماد ٹرانزٹ انتظامات ضروری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان رکن ممالک کے درمیان منڈیوں تک رسائی بڑھانے، علاقائی سپلائی چین کو مضبوط بنانے اور نجی شعبے، بالخصوص چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کی شرکت میں اضافے کے لیے کام کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں:فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دنیا کو پاکستان کی سفارتی طاقت دکھا دی، ایران اور سعودی عرب کو مذاکرات کی میز پر لانا بڑی کامیابی قرار، ملک بھر سے شہریوں کا خراج تحسین

اسحاق ڈار کے مطابق مختلف ممالک کی کاروباری برادریوں کے درمیان براہِ راست روابط بڑھانے سے تجارتی امکانات کو عملی سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں میں تبدیل کیا جاسکتا ہے۔

وسطی ایشیا کو پاکستانی بندرگاہوں سے ملانے کا منصوبہ

علاقائی رابطوں کے حوالے سے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان وسطی ایشیا اور جنوبی ایشیا کے درمیان ٹرانسپورٹ اور ٹرانزٹ روابط بہتر بنانے کے ساتھ وسطی ایشیائی ممالک کی بحیرہ عرب میں واقع پاکستانی بندرگاہوں تک رسائی آسان بنانے کے لیے اقدامات کرے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ علاقائی تجارت کو مؤثر اور تجارتی اعتبار سے فائدہ مند بنانے کے لیے کسٹمز کے طریقہ کار میں ہم آہنگی، سرحدی انتظامات میں بہتری اور ٹرانزٹ کے قابلِ پیش گوئی نظام کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صرف تجارتی راستے تعمیر کرنا کافی نہیں، بلکہ ان راستوں پر سامان کی بلا رکاوٹ نقل و حرکت، سرحدی کارروائیوں میں تیزی اور مختلف ممالک کے درمیان انتظامی تعاون بھی ضروری ہے۔

پاکستان کے لیے یہ ترجیح خصوصی اہمیت رکھتی ہے، کیونکہ ملک کی جغرافیائی حیثیت اسے جنوبی ایشیا، وسطی ایشیا اور مشرقِ وسطیٰ کے درمیان تجارتی رابطے کا اہم مرکز بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

ای سی او تجارتی معاہدے کو جدید خطوط پر استوار کرنے پر زور

وزیر خارجہ نے اقتصادی تعاون تنظیم کے تجارتی معاہدے کو مؤثر بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نومبر 2025 میں ای سی او کے وزرائے تجارت کی جانب سے منظور کردہ مذاکراتی حکمت عملی اور روڈ میپ اس معاہدے کو جدید بنانے کے لیے بنیادی رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔

پاکستان اس عمل میں ایسے علاقائی تجارتی نظام کی حمایت کرے گا جو زیادہ مؤثر، جامع اور ڈیجیٹل سہولتوں سے آراستہ ہو۔

اسحاق ڈار کے مطابق تجارتی طریقہ کار کو آسان بنانے، کاروباری رکاوٹیں کم کرنے اور رکن ممالک کے درمیان اقتصادی سرگرمیوں میں اضافے کے لیے مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔

اس اقدام سے خطے کے کاروباری اداروں کو نئی منڈیوں تک رسائی ملنے اور علاقائی تجارت کے حجم میں اضافے کے امکانات پیدا ہوسکتے ہیں۔

موسمیاتی تبدیلی، آبی وسائل اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی

علاقائی استحکام کی ترجیحات میں وزیر خارجہ نے موسمیاتی تبدیلیوں اور قدرتی وسائل پر بڑھتے دباؤ کو بھی اہم مسئلہ قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاری، پیشگی اطلاع کے نظام، پانی کے پائیدار انتظام اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات برداشت کرنے والے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے لیے رکن ممالک کو ایک دوسرے کے ساتھ تعاون بڑھانا ہوگا۔

ان کے مطابق موسمیاتی تبدیلی اور پانی و توانائی کے وسائل پر بڑھتا ہوا دباؤ خطے کی معیشتوں کے لیے سنگین چیلنجز بن چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:پاک افغان کشیدگی،روس نے پاکستان کا موقف تسلیم کر لیا، بڑی پیشکش

پاکستان سمیت خطے کے متعدد ممالک کو سیلاب، خشک سالی، پانی کی قلت اور توانائی کی ضروریات جیسے مسائل کا سامنا ہے۔ ایسے میں مشترکہ منصوبہ بندی اور معلومات کے تبادلے سے ان خطرات کے اثرات کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

تعلیم، تحقیق اور نوجوانوں کی فنی تربیت بھی ایجنڈے میں شامل

اسحاق ڈار نے انسانی ترقی کو علاقائی تعاون کا اہم ستون قرار دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم، تحقیق، جدت اور پیشہ ورانہ تربیت کے شعبوں میں سرمایہ کاری ضروری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بدلتی ہوئی معیشتوں میں نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لیے رکن ممالک کو زیادہ مواقع فراہم کرنا ہوں گے۔

انہوں نے کاروباری سرگرمیوں، نوجوانوں کی حوصلہ افزائی اور پیشہ ورانہ تبادلوں کو بھی علاقائی انضمام کے لیے اہم قرار دیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے پیش کردہ پانچوں ترجیحات ایک دوسرے سے منسلک ہیں اور ان کی کامیابی کے لیے تمام رکن ممالک کی مشترکہ کوششیں ضروری ہوں گی۔

انہوں نے اقتصادی تعاون تنظیم کے رکن ممالک اور سیکریٹریٹ کے ساتھ تجارت میں سہولت، ٹرانزٹ روابط اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے اقدامات پر مل کر کام کرنے کے لیے پاکستان کی آمادگی کا اظہار کیا۔

علاقائی امن کے بغیر اقتصادی ترقی ممکن نہیں

وزیر خارجہ نے اپنے خطاب میں علاقائی تنازعات اور عدم استحکام کے معاشی اثرات پر بھی تشویش ظاہر کی۔

انہوں نے کہا کہ امن اور استحکام اقتصادی ترقی کے لیے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں، کیونکہ خطے میں جنگ اور بدامنی تجارتی راستوں، توانائی کی فراہمی، سرمایہ کاری اور عوامی ترقی سے وابستہ منصوبوں کو متاثر کرسکتی ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ امن اور ترقی ایک دوسرے کو تقویت دیتے ہیں اور دونوں کے درمیان مضبوط تعلق موجود ہے۔

انہوں نے خطے میں جاری تنازعات اور عدم استحکام پر پاکستان کی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اثرات کسی ایک ملک تک محدود نہیں رہتے بلکہ سرحدوں سے باہر تک پھیلتے ہیں۔

ان کے مطابق علاقائی کشیدگی کے باعث تجارت، توانائی کی ترسیل، سرمایہ کاری اور مختلف ممالک کے اقتصادی منصوبے متاثر ہوتے ہیں، جس کا نقصان پورے خطے کے عوام کو اٹھانا پڑتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے منشور کے مطابق تنازعات کے پُرامن حل، مذاکرات اور سفارت کاری کی حمایت کرتا آیا ہے۔

امریکا ایران تنازع میں پاکستان کی سفارتی کوششیں جاری رکھنے کا اعلان

خطے میں جاری کشیدگی اور امریکا ایران جنگ کے حوالے سے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان مذاکرات، کشیدگی میں کمی اور دیرپا علاقائی استحکام کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز و چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر دوست ممالک اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ تنازعات کے پُرامن حل کے لیے سازگار ماحول پیدا کیا جاسکے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے قیام اور کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی ذرائع کو بروئے کار لانے کے عزم پر قائم ہے۔

یہ مؤقف پاکستان کی اس وسیع تر سفارتی حکمت عملی کا حصہ ہے جس کے تحت علاقائی استحکام، مذاکرات اور اقتصادی تعاون کو ایک دوسرے سے منسلک سمجھا جاتا ہے۔

سینیئر حکام کا اجلاس، اسلام آباد اعلامیے کا مسودہ تیار

اقتصادی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ اجلاس سے قبل 15 نومبر کو رکن ممالک کے سینئر حکام کا اجلاس بھی اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس کی صدارت سیکریٹری خارجہ سفیر آصف افتخار احمد نے کی۔

دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس میں ای سی او کے رکن ممالک کے اعلیٰ حکام، تنظیم کے سیکریٹریٹ کے نمائندوں اور خصوصی اداروں و علاقائی تنظیموں سے وابستہ وفود نے شرکت کی۔

اجلاس میں وزرائے خارجہ کے اجلاس کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا اور اس کا ایجنڈا اور مجوزہ اسلام آباد اعلامیے کا مسودہ حتمی شکل دے کر وزرائے خارجہ کے غور کے لیے تیار کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:پاک قطر مشترکہ ٹاسک فورس کا دوسرا اجلاس، مختلف شعبوں میں جامع تعاون، اہم تجارتی معاہدے طے

سینیئر حکام نے تنظیم کے سیکریٹریٹ کی گزشتہ ایک سال کی سرگرمیوں، جاری پروگراموں اور مختلف شعبوں میں شروع کیے گئے اقدامات کا بھی جائزہ لیا۔

اس کے علاوہ شعبہ جاتی وزارتی اجلاسوں کے نتائج، ماتحت اداروں کی کارکردگی اور خصوصی تنظیمی اداروں کے کام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں تنظیم کے انتظامی اور مالیاتی امور بھی زیرِ بحث آئے، جبکہ ای سی او کی مجموعی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے مختلف تجاویز کا تبادلہ کیا گیا۔

سینیئر حکام کا اجلاس وزرائے خارجہ کونسل کے لیے تیاری کے ایک اہم فورم کی حیثیت رکھتا ہے، جہاں رکن ممالک مشترکہ دلچسپی کے معاملات کا جائزہ لیتے، تجاویز پر اتفاق رائے پیدا کرتے اور اہم دستاویزات کو وزارتی سطح پر پیش کرنے کے لیے حتمی شکل دیتے ہیں۔

ای سی او وژن 2035، آئندہ 10 سال کے لیے علاقائی ترقی کا فریم ورک

اسلام آباد اجلاس میں ای سی او وژن 2035 بھی اہم موضوع ہے، جو آئندہ 10 برس کے دوران رکن ممالک کے درمیان علاقائی رابطوں، اقتصادی انضمام اور پائیدار ترقی کو مضبوط بنانے کے لیے ایک طویل المدتی فریم ورک فراہم کرے گا۔

اس فریم ورک کے تحت تجارت، ٹرانسپورٹ، علاقائی اقتصادی روابط اور مشترکہ ترقی کے منصوبوں کو فروغ دینے پر توجہ دی جائے گی۔

اجلاس میں وسطی ایشیائی ممالک کی قیادت اس وژن پر تبادلہ خیال اور اسے اپنانے کے عمل میں حصہ لے گی۔

پاکستان کی 27-2026 کی صدارت بھی اسی وسیع تر حکمت عملی سے منسلک ہے، جس کے تحت اسلام آباد علاقائی تجارت، رسد کے نظام اور بین الاقوامی راہداریوں میں اپنا کردار بڑھانا چاہتا ہے۔

اقتصادی تعاون تنظیم کا قیام اور علاقائی اہمیت

اقتصادی تعاون تنظیم ایک علاقائی بین الحکومتی تنظیم ہے جس کا مقصد رکن ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، ٹرانسپورٹ، توانائی، زراعت اور دیگر اقتصادی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔

اس کے 10 رکن ممالک پاکستان، افغانستان، ایران، ترکیہ، آذربائیجان، قازقستان، کرغز جمہوریہ، تاجکستان، ترکمانستان اور ازبکستان ہیں۔

یہ تنظیم جغرافیائی اعتبار سے جنوبی ایشیا، وسطی ایشیا اور مغربی ایشیا کے درمیان ایک اہم رابطہ فراہم کرتی ہے۔ اس کے رکن ممالک قدرتی وسائل، توانائی، زرعی پیداوار اور تجارتی گزرگاہوں کے حوالے سے نمایاں صلاحیت رکھتے ہیں۔

پاکستان کے لیے اس تنظیم کی اہمیت اس وجہ سے بھی زیادہ ہے کہ ملک کو بحیرہ عرب کی بندرگاہوں، بالخصوص کراچی، پورٹ قاسم اور گوادر کے ذریعے وسطی ایشیائی ممالک کو عالمی منڈیوں تک رسائی فراہم کرنے کا جغرافیائی موقع حاصل ہے۔

تاہم اس صلاحیت سے فائدہ اٹھانے کے لیے افغانستان سمیت تمام متعلقہ ممالک میں امن، مؤثر سرحدی انتظامات اور قابلِ اعتماد ٹرانزٹ نظام بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔

پاکستان کی موجودہ صدارت کا موضوع ‘لچکدار ای سی او کے لیے علاقائیت کا احیا’ اسی علاقائی تناظر میں رکھا گیا ہے۔

Related Articles