128 سال کا طویل انتظار ختم، کرکٹ ایک بار پھر اولمپکس کا حصہ بننے جا رہی ہے، لاس اینجلس اولمپکس 2028 کے کوالیفائنگ ایونٹس کا شیڈول جاری
Home - بریکنگ-نیوز - 128 سال کا طویل انتظار ختم، کرکٹ ایک بار پھر اولمپکس کا حصہ بننے جا رہی ہے، لاس اینجلس اولمپکس 2028 کے کوالیفائنگ ایونٹس کا شیڈول جاری
کرکٹ کے شائقین کے لیے بڑی خبر سامنے آگئی، 128 سال کے طویل انتظار کے بعد کرکٹ ایک بار پھر اولمپکس کا حصہ بننے جا رہی ہے۔ لاس اینجلس اولمپکس 2028 میں کرکٹ کے مقابلوں میں 6 ٹیمیں میڈلز کے حصول کے لیے حصہ لیں گی
ان مقابلوں کے لیے کوالیفائنگ ایونٹس کا شیڈول بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ کرکٹ کی اولمپکس میں واپسی کو عالمی سطح پر اس کھیل کے فروغ اور نئے شائقین تک رسائی کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
جاری کردہ شیڈول کے مطابق آئی سی سی مینز اولمپک کوالیفائر 5 سے 13 فروری 2028 تک بنگلادیش میں منعقد ہوگا، جبکہ آئی سی سی ویمنز اولمپک کوالیفائر 26 فروری سے 5 مارچ 2028 تک امریکا میں کھیلا جائے گا۔ دونوں کوالیفائنگ ایونٹس میں آٹھ، آٹھ ٹیمیں شرکت کریں گی اور ٹیموں کے درمیان اولمپکس میں جگہ بنانے کے لیے سخت مقابلہ ہوگا۔
ویمنز کرکٹ کے حوالے سے پہلے ہی چار ٹیمیں لاس اینجلس اولمپکس 2028 کے لیے کوالیفائی کر چکی ہیں، جن میں بھارت، برطانیہ، آسٹریلیا اور جنوبی افریقا شامل ہیں۔ ایشیا، یورپ، اوشیانا اور افریقا کی ٹاپ رینک ٹیموں نے اپنی عالمی درجہ بندی کی بنیاد پر اولمپکس میں جگہ بنائی ہے، جبکہ باقی نشست کے لیے کوالیفائنگ مقابلے منعقد ہوں گے۔
کوالیفائنگ ایونٹس کے فارمیٹ کے مطابق ہر ایونٹ میں آٹھ ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا۔ ہر گروپ کی ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف ایک، ایک میچ کھیلیں گی، جبکہ دونوں گروپس کی فاتح ٹیمیں فائنل میں مدمقابل ہوں گی۔ فائنل جیتنے والی ٹیم لاس اینجلس اولمپکس 2028 کے لیے آخری کوالیفائنگ نشست حاصل کرے گی۔
شیڈول کے مطابق ہر کوالیفائر میں مجموعی طور پر 13 میچز کھیلے جائیں گے، جن میں گروپ مرحلے کے مقابلوں کے بعد فائنل بھی شامل ہوگا۔ مینز اور ویمنز دونوں ایونٹس میں ٹیموں کو اولمپکس تک رسائی کے لیے یکساں کوالیفائنگ فارمیٹ سے گزرنا ہوگا۔
واضح رہے کہ کرکٹ اس سے قبل 1900 کے پیرس اولمپکس میں شامل تھی، جہاں برطانیہ اور فرانس کی ٹیموں کے درمیان مقابلہ ہوا تھا۔ اب 128 سال بعد لاس اینجلس اولمپکس 2028 میں کرکٹ کی واپسی سے اس کھیل کو ایک بار پھر اولمپک سطح پر عالمی شناخت حاصل ہوگی اور دنیا کی بہترین ٹیمیں اولمپک میڈلز کے لیے میدان میں اتریں گی