خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں تحریک انصاف کے دور میں شروع ہونے والی سونے کی غیر قانونی کان کنی کے خلاف پولیس کا گرینڈ آپریشن تیزی سے جاری ہے، جس کے دوران دو مختلف بلاکس سے 14 ہزار سے زائد گاڑیاں اور مشینیں جبکہ 25 سے 28 ہزار مزدور علاقے سے نکالے جا چکے ہیں۔
آپریشن کی تفصیلات کے مطابق بلاک سی میں 95 فیصد علاقے کو خالی اور کلیئر کروا لیا گیا ہے، جبکہ بلاک ڈی میں ابتدائی دو روز کے دوران گھیراؤ سخت کرنے کے نتیجے میں 70 سے 80 فیصد مشینری علاقے سے نکالی جا چکی ہے۔ بلاک ڈی میں باقاعدہ کلیئرنس آپریشن بھی شروع کر دیا گیا ہے جو اگلے روز بھی جاری رہے گا۔
بلاک سی سے اب تک ایک ہزار 850 ٹریکٹر ٹرالیاں، 630 ایکسکیویٹرز، 570 ڈائنامو والی ٹریکٹر ٹرالیاں، 300 ڈمپرز اور 50 ہیوی لوڈرز نکالے گئے ہیں۔ اس بلاک سے 7 سے 8 ہزار مزدور بھی علاقے سے نکل چکے ہیں۔
اسی طرح بلاک ڈی سے 5 ہزار 500 ٹریکٹر ٹرالیاں، 2 ہزار 700 ایکسکیویٹرز، ایک ہزار 300 ڈمپرز، ایک ہزار 160 ڈائنامو والے ٹریکٹر اور 150 ہیوی لوڈرز نکالے گئے، جبکہ 18 سے 20 ہزار مزدوروں کو بھی علاقے سے نکالا جا چکا ہے۔
دونوں بلاکس کے مجموعی اعداد و شمار کے مطابق 7 ہزار 350 ٹریکٹر ٹرالیاں، 3 ہزار 330 ایکسکیویٹرز، ایک ہزار 730 ڈائنامو والی ٹرالیاں، ایک ہزار 600 ڈمپرز اور 200 ہیوی لوڈرز علاقے سے نکالے جا چکے ہیں۔ اس کارروائی کے دوران مجموعی طور پر 25 سے 28 ہزار مزدور بھی علاقے سے نکل چکے ہیں۔
آپریشن سے متعلق اندازوں کے مطابق دونوں بلاکس میں اب بھی 600 سے 700 ایکسکیویٹرز موجود ہیں، جن میں سے بیشتر مقامی افراد کی ملکیت ہیں اور انہیں حجروں کے اندر کھڑا کیا گیا ہے۔
ابتدائی تخمینے کے مطابق باقی ماندہ مشینری میں سے صرف 5 سے 10 فیصد کے علاقے سے باہر منتقل ہونے کا امکان ہے، جبکہ غیر قانونی کان کنی کے خلاف پولیس کی کلیئرنس کارروائیاں جاری ہیں۔