ہالی ووڈ کی مشہور فلم ’راکی‘ کی ریلیز کے 50 سال مکمل ہونے پر امریکی شہر فلاڈیلفیا میں ایک دلچسپ تقریب منعقد ہوئی، جہاں 570 افراد نے فلم کے مرکزی کردار راکی بالبوا کا روپ دھار کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔
اس منفرد تقریب میں شرکا فلاڈیلفیا میوزیم آف آرٹ کی مشہور سیڑھیوں پر جمع ہوئے اور فلم کے یادگار ٹریننگ منظر کو دوبارہ پیش کیا۔ تمام شرکا نے فلم میں راکی کا کردار ادا کرنے والے اداکار سلویسٹر اسٹالون کے مخصوص لباس کی نقل کی۔ اس اجتماع کا مقصد ایک ہی فلمی کردار کا روپ دھارنے والے افراد کے سب سے بڑے اجتماع کا گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کرنا تھا۔
منتظمین کے مطابق اس تقریب میں مجموعی طور پر 570 افراد شریک ہوئے، جس سے سابقہ عالمی ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ اس سے پہلے 250 افراد نے راکی بالبوا کا روپ دھار کر یہ ریکارڈ قائم کیا تھا۔
گنیز ورلڈ ریکارڈ کے قواعد کے مطابق شرکا کے لیے سرمئی رنگ کی ہوڈی، سرمئی ٹراؤزر، سیاہ اونی ٹوپی اور سیاہ کنورس چک ٹیلر ہائی ٹاپ جوتے پہننا لازمی تھا۔
واضح رہے کہ فلم ’راکی‘ میں سلویسٹر اسٹالون نے ایک ایسے باکسر کا کردار ادا کیا تھا جو محنت، ہمت اور مسلسل جدوجہد کے ذریعے کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ فلم میں فلاڈیلفیا میوزیم آف آرٹ کی سیڑھیاں چڑھنے کا منظر آج بھی فلمی تاریخ کے یادگار ترین مناظر میں شمار ہوتا ہے۔