پاکستان کی ترقی کے لیے نئے انتظامی یونٹس کا قیام ناگزیر، رضامند صوبوں سے اس کا آغاز کیا جائے، سیکریٹری جنرل ’ق‘ لیگ محمد طارق حسن
Home - آزاد انتخاب - پاکستان کی ترقی کے لیے نئے انتظامی یونٹس کا قیام ناگزیر، رضامند صوبوں سے اس کا آغاز کیا جائے، سیکریٹری جنرل ’ق‘ لیگ محمد طارق حسن
مسلم لیگ ق کے مرکزی جنرل سیکریٹری محمد طارق حسن نے کہا ہے کہ ملکی ترقی اور گڈ گورننس کے لیے نئے انتظامی یونٹس کا قیام ناگزیر ہے، اس کا آغاز پنجاب جیسے رضامند صوبوں سے کیا جائے۔
پاکستان مسلم لیگ ق کے مرکزی جنرل سیکریٹری محمد طارق حسن نے لندن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ ملک میں بڑھتی ہوئی آبادی کے تناسب سے انتظامی اصلاحات وقت کی اہم ترین ضرورت ہیں۔
انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ 1947 میں قیامِ پاکستان کے وقت ملک کی آبادی ساڑھے 5 سے 6 کروڑ کے لگ بھگ تھی، جو اب بڑھ کر 27 کروڑ تک پہنچ چکی ہے، لیکن اس کے برعکس صوبوں کی تعداد آج بھی وہی 4 پر برقرار ہے۔
بڑھتی ہوئی آبادی کے دباؤ کو برداشت کرنے اور عوامی خدمات کو بہتر بنانے کے لیے اب یہ سوچنا ہوگا کہ نئے صوبے اور انتظامی یونٹس بنائے جائیں تاکہ حکومتی امور احسن طریقے سے چلائے جا سکیں۔
رضامند صوبوں سے آغاز اور سیاسی افہام و تفہیم
نئے انتظامی یونٹس کے قیام کے لائحہ عمل پر روشنی ڈالتے ہوئے محمد طارق حسن کا کہنا تھا کہ جن جن صوبائی اسمبلیوں نے اس حوالے سے پہلے ہی قراردادیں پاس کر رکھی ہیں، وہاں فوری طور پر نئے یونٹس کا قیام عمل میں لایا جائے۔
پنجاب اور اسلام آباد سمیت دیگر رضامند علاقوں میں اس عمل کو عملی جامہ پہنایا جائے، جبکہ جن صوبوں یا حلقوں میں اس حوالے سے تحفظات پائے جاتے ہیں، ان کے ساتھ بیٹھ کر مثبت بات چیت کی جائے۔
جب لوگ خود نئے یونٹس کے معاشی، انتظامی اور فلاحی ثمرات دیکھیں گے تو وہ خود اس نظام کی افادیت کو تسلیم کرتے ہوئے اس کی تائید کریں گے۔
گراس روٹ لیول پر اختیارات کی منتقلی
انتہائی اہم نکتہ اٹھاتے ہوئے محمد طارق حسن نے اس بات پر زور دیا کہ صرف نئے صوبے یا انتظامی یونٹس بنا دینے سے مسائل حل نہیں ہوں گے، بلکہ اس کے ساتھ ایک مضبوط اور بااختیار مقامی حکومت کا نظام ہونا بھی ضروری ہے۔
مرکز سے طاقت صوبوں کو منتقل ہونے کے بعد صوبائی سطح پر رک جاتی ہے اور آگے اضلاع یا ڈویژنز تک نہیں پہنچتی۔ جب تک اختیارات نچلی سطح پر یعنی 10 ہزار سے 15 ہزار کی آبادی پر کام کرنے والے ایک عام کونسلر تک منتقل نہیں کیے جائیں گے، عوام کے بنیادی مسائل حل نہیں ہو سکتے۔
عالمی سطح پر پاکستان کی بڑھتی ہوئی ساکھ
لندن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے ایک طویل عرصے کے بعد پاکستان کو عالمی سطح پر دوبارہ ایک بہت بڑی عزت ملی ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف کی مشترکہ کاؤشوں اور مربوط حکمت عملی کے نتیجے میں آج دنیا بھر میں پاکستان کو انتہائی قدر اور عزت کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ ملک اس وقت ترقی اور خوشحالی کے جس سفر پر گامزن ہے، اس میں مزید تیزی آئے گی اور پاکستان عالمی برادری میں مزید بلندیاں طے کرے گا۔
پاکستان کے انتظامی ڈھانچے میں اصلاحات کا یہ بحث کوئی نئی نہیں ہے، بلکہ طویل عرصے سے بڑے صوبوں کی تقسیم اور نئے انتظامی یونٹس کے قیام کے مطالبات کیے جاتے رہے ہیں۔
وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم اور طویل فاصلوں کے باعث عوام کو درپیش مشکلات کا واحد حل ’ڈی سینٹرلائزیشن‘ میں پوشیدہ ہے۔
ماضی میں سیاسی مصلحتوں کی وجہ سے اس حساس معاملے پر سرد مہری دکھائی گئی، لیکن بڑھتی ہوئی آبادی اور شہری دباؤ کے پیشِ نظر اب ماہرین بھی اس بات پر متفق ہیں کہ چھوٹے انتظامی یونٹس نہ صرف معاشی کارکردگی بہتر بناتے ہیں بلکہ کرپشن کے خاتمے اور گڈ گورننس میں بھی مددگار ثابت ہوتے ہیں۔
دوسری طرف، حالیہ سیاسی و عسکری قیادت کی ہم آہنگی نے معاشی اور سفارتی سطح پر ملک کو جو استحکام بخشا ہے، وہ اس طرح کے ساختی اور انتظامی فیصلے کرنے کے لیے ایک بہترین ماحول فراہم کر رہا ہے۔