سیکیورٹی فورسز کی بنوں کے علاقے گیدڑ کیمپ میں کارروائی، 4 خوارج ہلاک

سیکیورٹی فورسز کی بنوں کے علاقے گیدڑ کیمپ میں کارروائی، 4 خوارج ہلاک

خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں سکیورٹی فورسز نے فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر سازوسامان بھی برآمد کرلیا گیا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق عزمِ استحکام وژن کے تحت خیبر پختونخوا میں دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ضلع بنوں کے علاقے گیدڑ کیمپ میں خوارج کی موجودگی کی تصدیق کے بعد سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کو نشانہ بنایا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے بعد سرچ آپریشن کے دوران چھپے ہوئے 2 زخمی خوارج نے سکیورٹی فورسز پر فائرنگ کردی، جس کا فورسز نے مؤثر جواب دیتے ہوئے دونوں دہشت گردوں کو بھی ہلاک کردیا۔ اس طرح کارروائی میں مجموعی طور پر 4 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: آپریشن ردالفتنہ 3: نوشکی میں سیکیورٹی فورسز کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 10 دہشت گرد ہلاک

سکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے 2 ایل ایم جیز، 7 ایس ایم جیز، 8 دستی بم اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔ اس کے علاوہ ٹی ٹی پی کا پرچم، 6 موبائل فون، بندوقوں کی بیلٹس اور دیگر سازوسامان بھی قبضے میں لیا گیا۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام تک سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔

Related Articles