انتظامی یونٹس کی حمایت مگر صوبوں کی تقسیم کی مخالفت کیوں؟طلال چوہدری نے بلاول کو آئینہ دکھا دیا

انتظامی یونٹس کی حمایت مگر صوبوں کی تقسیم کی مخالفت کیوں؟طلال چوہدری نے بلاول کو آئینہ دکھا دیا

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے بلاول بھٹو زرداری کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں 70 فیصد حکمرانی پیپلز پارٹی کے پاس ہے، لیکن بلاول ایسا تاثر دے رہے ہیں جیسے ان کا حکومت سے کوئی تعلق ہی نہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ بلاول بھٹو آئین اور جمہوریت کے چیمپئن بنتے ہیں، لیکن عملی طور پر گورننس اور کارکردگی کا جائزہ لیا جائے تو نتائج صفر ہیں۔ جمہوریت محض تقریروں اور آئینی دفعات کی تشریح کا نام نہیں بلکہ عوام کو بہتر حکمرانی فراہم کرنا بھی اس کا لازمی حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلاول ایک طرف انتظامی یونٹس بنانے کی حمایت کرتے ہیں، دوسری طرف جہاں بدانتظامی اور کرپشن کے مسائل ہیں وہاں صوبے کی تقسیم کی مخالفت کرتے ہیں۔ انتظامی یونٹس کی ضرورت ہی وہاں زیادہ ہوتی ہے جہاں گورننس کے مسائل موجود ہوں۔ یہ پورے ملک کی بہتری کا معاملہ ہے، اسے سیاسی خواہشات سے مشروط نہیں کیا جاسکتا۔

طلال چوہدری نے بلاول کے اس مؤقف پر بھی سوال اٹھایا کہ فیصلے گولی کے بجائے ووٹ سے ہونے چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر فیصلے ووٹ سے ہونے چاہئیں تو پھر ووٹ سے خوف کیوں محسوس کیا جارہا ہے؟

وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان میں سب سے زیادہ حکومتی اختیار پیپلز پارٹی کے پاس ہے۔ تین صوبوں کے سربراہ، صدر مملکت اور چیئرمین سینیٹ بھی پیپلز پارٹی سے تعلق رکھتے ہیں۔ سندھ اور گلگت بلتستان میں بھی اسی جماعت کی حکومت ہے۔ اس کے باوجود بلاول ایسے بات کررہے ہیں جیسے ان کا حکومت سے کوئی تعلق نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلاول اپنی سیاسی ضرورت کے مطابق کبھی آئین کی ایک شق کا حوالہ دیتے ہیں اور کبھی دوسری تشریح پیش کرتے ہیں۔ جو آئینی شق ان کے مؤقف کے مطابق ہو وہ درست اور مخالف مؤقف رکھنے والوں کے لیے وہی آئین غیر آئینی قرار دیا جاتا ہے۔

طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ آئینی ترامیم وقت اور حالات کے تقاضوں کے مطابق ہوتی ہیں۔ پاکستان قائم و دائم رہے گا اور قومی ضروریات کے مطابق آئینی عمل آگے بڑھتا رہے گا۔

فضل الرحمان سے سوالات پر بھی وضاحت

مولانا فضل الرحمان سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ ان کے خلاف پہلا بیان خیبرپختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے دیا تھا۔ گورنر مسلسل مولانا فضل الرحمان پر تنقید کرتے رہے ہیں۔ بظاہر بلاول نے گزشتہ روز اپنے لوگوں کو شرم دلانے کی کوشش کی۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سے چند سادہ سوالات کیے گئے ہیں جن کا جواب دینا ضروری ہے۔ ان کے ساتھیوں اور صاحبزادوں کے اثاثوں سے متعلق سوالات اٹھائے گئے ہیں۔ کسی پر ناجائز کمائی کا الزام ہو تو وضاحت دینا اس کی ذمہ داری ہے۔

طلال چوہدری نے کہا کہ اگر حضرت عمر فاروقؓ سے سوال کیا جاسکتا ہے تو مولانا فضل الرحمان سے سوال کیوں نہیں ہوسکتا؟ ان کے بقول یہ کسی شخصیت پر حملہ نہیں بلکہ آئین اور قانون کے مطابق اٹھائے گئے سوالات ہیں۔ پاکستان میں کوئی سیاسی رہنما یا حکومت قانون سے بالاتر نہیں۔

editor

Related Articles