50 ارب کی رائلٹی ہڑپ، تھر کے بچے بھوک سے مر گئے! بلاول بھٹو کے دعووں کی قلعی کھل گئی

50 ارب کی رائلٹی ہڑپ، تھر کے بچے بھوک سے مر گئے! بلاول بھٹو کے دعووں کی قلعی کھل گئی

مقامی وسائل پر پہلا حق مقامی آبادی کا ہونے کے بلند بانگ نعرے لگانے والے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے اپنے ہی صوبے سندھ کا ضلع تھرپارکر حکمرانوں کی مجرمانہ غفلت، دوہرے معیار اور وسائل کی غیر منصفانہ بندر بانٹ کی بدترین تصویر بن کر رہ گیا ہے۔

 سرکاری دستاویزات، اسپتالوں کے اعداد و شمار اور معاشی رپورٹس اس ہولناک تضاد کو بے نقاب کرتی ہیں کہ اربوں ٹن کوئلے اور معدنی دولت سے مالا مال تھرپارکر سے سندھ حکومت نے محض چند برسوں میں 50 ارب روپے سے زائد کی رائلٹی اور منافع تو سمیٹ لیا، مگر اسی دھرتی کے باسی آج بھی پینے کے صاف پانی، بنیادی خوراک اور دوا کو ترس رہے ہیں، جبکہ غذائی قلت اور علاج نہ ملنے کے باعث سینکڑوں معصوم بچے اور حاملہ خواتین موت کے منہ میں جا رہی ہیں۔

دستاویزی اعداد و شمار کے مطابق سندھ حکومت نے 2023ء سے 2025ء کے دوران تھر کول منصوبے سے 50 ارب روپے کے لگ بھگ رائلٹی وصول کی ہے، جبکہ سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی میں 54.7 فیصد حصص کی بدولت اربوں روپے کا اضافی منافع بھی صوبائی خزانے میں جمع ہوا۔ تاہم حیران کن امر یہ ہے کہ تھر کے سینے سے نکلنے والے کوئلے سے پورے ملک کے لیے بجلی پیدا کرنے اور خزانہ بھرنے کے باوجود خود تھرپارکر کے سالانہ ترقیاتی پروگرام (ADP) کے لیے محض 10 ارب روپے کے لگ بھگ رقم رکھی گئی، اور خود محکمہ توانائی سندھ کے حکام یہ اعتراف کر چکے ہیں کہ رائلٹی کی خطیر رقم کو مقامی آبادی کی فلاح پر خرچ کرنے کا کوئی باقاعدہ شفاف نظام ہی موجود نہیں ہے۔

سول اسپتال مٹھی کے لرزہ خیز اعداد و شمار، معصوم بچوں کی اموات کا نہ رکنے والا سلسلہ

سیاسی مبصرین اور سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ ایک طرف بلاول بھٹو زرداری وفاقی ایوانوں میں صوبائی حقوق اور وسائل کی ملکیت کے لیکچر دیتے نظر آتے ہیں، تو دوسری طرف ان کی 18 سالہ صوبائی حکمرانی میں تھرپارکر کے سرکاری اسپتال مقتل گاہ بن چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:97 ارب کا ریکارڈ غائب، 55 ارب ٹھیکوں میں ہڑپ اور 32 ارب گھوسٹ بھرتیوں کی نذر، بلاول بھٹو کی 18 سالہ گورننس کا پول کھل گیا

رواں سال 2026ء کی سرکاری و طبی رپورٹس کے مطابق سول اسپتال مٹھی میں محض ایک ماہ کے دوران 50 جبکہ آٹھ ماہ کے عرصے میں 315 سے 480 تک نومولود بچے غذائی قلت، پیدائشی کمزوری اور بنیادی طبی سہولیات کے فقدان کے باعث دم توڑ گئے۔

طبی ماہرین اور رپورٹس اس تلخ حقیقت کی نشاندہی کرتی ہیں کہ تھرپارکر کے دیہی و بنیادی مراکزِ صحت میں ماہر ڈاکٹروں، نرسوں، جدید مشینری اور زندگی بچانے والی ادویات کا شدید قحط ہے۔ سول اسپتال مٹھی کے بچوں کے وارڈ میں گنجائش سے زائد مریض ایک ہی بستر پر لٹائے جاتے ہیں، جبکہ حاملہ خواتین کو بروقت زچگی کی سہولت اور متوازن خوراک میسر نہ ہونے کے باعث کم وزن بچوں کی پیدائش اور زچہ و بچہ کی اموات کی شرح خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے۔ مقامی شہریوں کو معمولی پیچیدگی کی صورت میں بھی سینکڑوں کلومیٹر دور حیدرآباد یا کراچی کے اسپتالوں کا رخ کرنا پڑتا ہے، جہاں پہنچنے سے پہلے ہی کئی مریض راستے میں دم توڑ دیتے ہیں۔

قحط زدہ فصلیں، ناکارہ آر او پلانٹس اور بلاول بھٹو کا دوہرا معیار

رپورٹس کے مطابق تھرپارکر کے ساتوں تعلقوں میں خشک سالی کے باعث 85 سے 90 فیصد تک فصلیں تباہ ہو چکی ہیں اور صوبے میں پانچ سال سے کم عمر بچوں میں غذائی قلت (Stunting) کی شرح 50 سے 63 فیصد تک جا پہنچی ہے۔ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے نام پر لگائے گئے کروڑوں روپے کے آر او (RO) پلانٹس میں سے بیشتر مبینہ کرپشن اور دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث بند پڑے ہیں، جس کے نتیجے میں غریب تھری باشندے زہریلا اور کھارا پانی پینے پر مجبور ہیں۔

عوامی و سیاسی ناقدین کا سوال ہے کہ اگر تھر کے کوئلے سے نکلنے والی 50 ارب روپے کی رائلٹی اور اربوں روپے کا ترقیاتی بجٹ تھر کے بچوں کو دو وقت کی روٹی، ماؤں کو دوا اور شہریوں کو صاف پانی نہیں دے سکتا، تو پھر یہ وسائل کن جیبوں میں جا رہے ہیں؟ مبصرین کے مطابق بلاول بھٹو زرداری کا یہ دعویٰ کہ وسائل پر پہلا حق مقامی آبادی کا ہے، محض ایک سیاسی نعرہ ثابت ہوا ہے جس کی آڑ میں سندھ کی حکمران اشرافیہ تو اربوں روپے کے وسائل سے لطف اندوز ہو رہی ہے، مگر تھرپارکر کا غریب باسی آج بھی بھوک اور بیماری سے مرنے پر مجبور ہے۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles